روس خلا میں پہلی فلم بنانے کیلئے تیار،اداکارہ جولیا پرسیلڈ ،ڈائریکٹر کلم شپینکو منتخب

دونوںتربیتی مراحل سے گزرنے کے بعد خلا کا رخ کرسکیں گے ،تربیت کا آغاز یکم جون سے ہوگا

ہفتہ 15 مئی 2021 15:20

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2021ء) امریکا اور روس کے درمیان خلائی تسخیر کی جنگ دہائیوں سے جاری ہے اور اب دونوں ممالک کی فلمی صنعتیں بھی اس کا حصہ بننے والی ہیں۔روس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ رواں سال اکتوبر میں ایک اداکارہ اور ایک ڈائریکٹر کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر بھیجا جائے گا، تاکہ خلا میں پہلی فلم کی عکسبندی کی جاسکے۔

روس کا فلمی عملہ 5 اکتوبر 2021 کو اپنی مہم کا آغاز کریگا۔مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی مہینے ہالی ووڈسے اداکار ٹام کروز اور ڈائریکٹر ڈوف لیمن بھی انٹرنیشنل اسپیس سٹیشن کا رخ کریں گے تاکہ ایک فلم کی عکسبندی کی جاسکے۔ٹام کروز کے خلاء میں جانے کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا مگر روس کی جانب سے فلمی عملے کو اسپیس سٹیشن میں بھیجنے کا مقصد بظاہر خلا میں پہلی فلم کی تیاری میں ہالی ووڈ کو پیچھے چھوڑنا نظر آتا ہے۔

(جاری ہے)

روس کی جان سے گزشتہ سال خلا میں فلم کی تیاری کی رپورٹ سامنے آئی تھی جبکہ اس سے کئی ماہ پہلے تصدیق کی گئی تھی کہ ٹام کروز ایک فلم بنانے کیلئے خلا کا رخ کررہے ہیں، جس کیلئے انہیں ناسا اور ایلون مسک کا تعاون حاصل ہوگا۔نومبر 2020 میں روس کے خلائی ادارے کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ ایسے حقیقی سپرہیرو کو تلاش کررہا ہے جو ستاروں پر جاسکے۔

اب36 سالہ اداکارہ جولیا پرسیلڈ اور 37 سالہ ڈائریکٹر کلم شپینکو کا انتخاب کیا گیا ہے۔یہ دونوں تربیتی مراحل سے گزرنے کے بعد خلا کا رخ کرسکیں گے اور اس تربیت کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔فلم کی پروڈکشن میں روس کا ایک بڑا ٹی وی چینل ون مدد فراہم کرے گا۔ روسی خلائی ادارے کے مطابق اسپیس سٹیشن میں بننے والی فلم ایک اسپیس ڈراما کہانی پر مشتمل ہوگی جس کا مقصد روس کی خلائی سرگرمیوں کو مقبول بنانا ہے۔ تاہم فلم کے پلاٹ یا کرداروں کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
وقت اشاعت : 15/05/2021 - 15:20:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :