معروف رائٹر ابن صفی کی 41ویں برسی (کل)منائی جائے

ہفتہ 24 جولائی 2021 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) اردوکے معروف رائٹر ابن صفی کی 41ویں برسی 26جولائی کومنائی جائے گی ۔ ابن صفی 6جولائی 1928 کو بھارتی شہراتر پردیش کے ضلع الہ آباد کے معروف قصبے نارا میں پیدا ہوئے اور ان کا اصل نام اسرار احمد تھا ۔انہوں نے آگرہ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی اور بطور شاعر وہ اپنا نام اسرار ناروی لکھتے تھے ۔

ابن صفی 1952میں الہ آباد سے ہجرت کر کے کراچی آگئے ۔ ابن صفی نے اپنی زندگی کی شروعات شاعری سے کی تھی ۔ پھر طنزیہ او رمزاحیہ مضامین لکھے ۔انہوں نے کئی انگریزی ناولوں کے اردو میں ترجمے بھی کئے لیکن انہیں تو خود اردو کا عظیم جاسوسی ناول نگار بننا تھا ۔ اس لئے انہوں نے شاعری اور مزاح نگاری ترک کرکے جاسوسی ناول لکھنے شروع کر دیئے ۔

(جاری ہے)

1952میں ان کا پہلا جاسوسی ناول دلیر مجرم شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنے لافانی کردار فریدی اور حمید کو پیش کیا ۔

بعد میں ایک دوسرے سیریز میں انہوں نے جاسوس عمران کا کردار پیش کیا اور یہ کردار بھی یادگار بن گیا ۔ انہوں نے 20برس کے مختصر عرصے میں 250سے زیادہ جاسوسی ناول لکھے ۔ ان کے ناولوں کی مقبولیت کا عالم یہ تھا کہ بک سٹالزپر آتے ہی یہ ناول ختم ہو جاتے تھے ۔بے حد تیز رفتاری سے لکھنے والے ابن صفی 1957میں شدید طور پر بیمار ہو گئے اور تین برسوں تک انہوں نے کچھ بھی نہیں لکھا لیکن صحت یابی کے بعد ان کا پہلا ناول 1960میں ڈیڑھ متوالے کے نام سے شائع ہوا اور اس کی اتنی زبردست پذیرائی ہوئی کہ پندرہ دنوں کے اندر ہی اس کا دوسرا ایڈیشن شائع کرنا پڑا۔ ابن صفی کے ناول درجنوں زبانوں میں ترجمہ ہو کر مقبول ہو چکے ہیں ۔اردو کے عظیم ادیب 52 سال کی عمر میں 26 جولائی 1980 کو کراچی میں انتقال کر گئے۔
وقت اشاعت : 24/07/2021 - 11:50:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :