دپیکا پڈوکون کے ساتھ کام نہیں کرنے جا رہا، شہریار منور

دپیکا پڈوکون کے ساتھ ان کی تصاویر وائرل کرکے ان دونوں سے متعلق غلط باتیں پھیلانا شروع کی گئی تھیں

اتوار 14 نومبر 2021 11:20

دپیکا پڈوکون کے ساتھ کام نہیں کرنے جا رہا، شہریار منور
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2021ء) اداکار شہریار منور نے حال ہی میں بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور نوازالدین صدیقی کے ہمراہ وائرل ہونے والی اپنی تصاویر پر وضاحت کرتے ہوئے انہیں غلط رنگ دینے والے افراد پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔شہریار منور نے واضح کیا ہے کہ وہ نہ تو بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ہمراہ کسی منصوبے میں ایک ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں اور نہ ہی وہ نوازالدین صدیقی کے پائوں پڑے تھے۔

شہریار منور کے مطابق انہوں نے نوازالدین صدیقی کے پائوں احترامًا اور اپنی سندھی روایات کے مطابق چھوئے، کیوں کہ سندھی روایات کے مطابق جس شخص کا احترام کیا جاتا ہے، انہیں ہاتھ جوڑ کر اور ان کے پائوں چھوکر ان کی عزت کی جاتی ہے۔شہریار منور نے ’فوچیا میگزین‘ کے ساتھ بات کرتے ہوئے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایوارڈز تقریب کے دوران ان کی ذاتی ویڈیوز اور تصاویر بناکر انہیں غلط انداز اور رنگ میں شیئر کرکے وائرل کیا گیا۔

(جاری ہے)

شہریار منور نے بتایا کہ ان کی اور دپیکا پڈوکون کی ملاقات حادثاتی طور پر ہوئی تھی، وہ جن دوستوں سے ملنے گئے تھے، ان سے ملنے کے لیے دپیکا پڈوکون بھی وہاں آئی اور پھر ان دونوں کے درمیان بطور فنکار نہیں بلکہ ایک عام انسان گفتگو ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ ان کی تصاویر وائرل کرکے ان دونوں سے متعلق غلط باتیں پھیلانا شروع کی گئی تھیں، جس پر انہوں نے اپنی پی آر ٹیم کی خدمات حاصل کرکے بہت ساری جگہوں سے وہ تصاویر ڈیلیٹ کروادیں۔

شہریار منور کے مطابق ان کی اور دپیکا پڈوکون کی ملاقات ذاتی تھی اور ان کی پرائیویسی میں مداخلت کرکے ان کے لیے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ تصویر وائرل ہونے سے ان سمیت بولی وڈ اداکارہ کے ساتھ بھی کوئی مسئلہ ہوسکتا تھا۔ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ وہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ کسی بھی فلم یا دوسرے منصوبے میں کام نہیں کرنے جا رہے، بس وہ اتفاقی ملاقات تھی، جسے غلط رنگ دیا گیا۔
وقت اشاعت : 14/11/2021 - 11:20:12

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :