ٹک ٹاکرحریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

ایف آئی اے کی جانب سے نیشنل کرائم ایجنسی سے کارروائی کرنیکی درخواست کی جائیگی

بدھ 12 جنوری 2022 22:25

ٹک ٹاکرحریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2022ء) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے حکام نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، خط میں نیشنل کرائم ایجنسی سے کارروائی کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ایف آئی حکام کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام پر جاری ویڈیوز میں حریم شاہ خود بھاری رقم برطانیہ منتقل کرنے کا اعتراف کر رہی ہیں۔

علاوہ ازیں حریم شاہ کے ویزے ،امیگریشن اور سفری دستاویزات کی کاپی بھی سامنے آئی ہے ۔ ٹک ٹاکر حریم شاہ کا اصل نام فضا حسین ہے۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ حریم شاہ کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

حریم شاہ نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دوحہ کیلئے سفر کیا تھا، حریم شاہ نے بھاری رقم کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز اپ لوڈ کیں اور ان ویڈیوز میں اعتراف کیا کہ وہ بھاری غیر ملکی کرنسی پاکستان سے برطانیہ لے کر آئی ہیں۔

ٹک ٹاکر حریم شاہ نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا، ویڈیو میں حریم شاہ کے ہاتھوں میں غیر ملکی کرنسی کی گڈیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طریقے سے کرنسی کی منتقلی منی لانڈرنگ میں آتی ہے۔
وقت اشاعت : 12/01/2022 - 22:25:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :