تکذیب نکاح کی اپیل مسترد، اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست قرار دے دیا گیا

لاہور کی عدالت نے اداکارہ کی جانب سے فیملی کورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی درخواست مسترد کر دی

muhammad ali محمد علی پیر 31 جنوری 2022 19:30

تکذیب نکاح کی اپیل مسترد، اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست قرار دے دیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری2022ء) تکذیب نکاح کی اپیل مسترد، اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست قرار دے دیا گیا، لاہور کی عدالت نے اداکارہ کی جانب سے فیملی کورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی درخواست مسترد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز لاہور کی مقامی عدالت نے اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل مستر دکر تے ہوئے اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست قرار دیدیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج مظہر عباس نے اداکارہ میرا کے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیتے ہوئے نکاح نامے کو درست قرار دیا۔ واضح رہے کہ 2018 میں فیملی کورٹ نے اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح نامہ درست قرار دیا تھا، جس کے بعد اداکارہ نے فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سیشن کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔

(جاری ہے)

لاہور کی فیملی عدالت نے 2018 میں اداکارہ میرا کے تکذیب نکاح کیس کی سماعت کرتے ہوئے اداکارہ کے تکذیب نکاح کے دعوے کو جھوٹا قرار دیا تھا۔ فیملی کورٹ کے جج نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ میرا اور عتیق الرحمان کے درمیان ڈیفنس میں واقع گھر تنازعے کی وجہ بنا تھا، جس پر دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف فوج داری مقدمات قائم کیے تھے، جو گذشتہ دس برسوں سے عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔

بعد ازاں سیشن کورٹ میں دائر درخواست میں اداکارہ میر نے موقف اختیار کیا کہ وہ عتیق الرحمن کو نہیں جانتی، فیملی عدالت نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا۔ عتیق الرحمان سے نکاح نہیں ہوا نکاح نامہ جعلی ہے، سیشن عدالت، فیملی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ تاہم اب سیشن کورٹ نے بھی فیملی کورٹ کے فیصلے کے برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا۔
وقت اشاعت : 31/01/2022 - 19:30:14

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :