مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے 11برس بیت گئے

معین اختر 22 اپریل 2011 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے

جمعہ 22 اپریل 2022 12:11

مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے 11برس بیت گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2022ء) مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کو مداحوں سے بچھڑے گیارہ برس بیت گئے، لیجنڈ معین اختر نے کامیڈی، اداکاری، کمپیئرنگ سمیت فنون لطیفہ کی ہر فیلڈ میں اپنا لوہا منوایا۔کروڑوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے معین اختر کو دنیا سے رخصت ہوئے گیارہ برس بیت گئے۔ مزاح سے لے کر پیروڈی تک سٹیج سے ٹیلی ویڑن تک معین اختر وہ نام ہے جس کے بغیر پاکستان ٹیلی ویڑن اور اردو مزاح کی تاریخ ادھوری ہے۔

معین اختر 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1966ء میں 16 سال کی عمر میں پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ ان کے مشہورٹی وی ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی، ہاف پلیٹ اور عید ٹرین نمایاں ہیں۔

(جاری ہے)

ڈرامہ روزی میں ان کا کردار شاید کبھی نہ بھلایا جا سکے۔اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین میں ان کی جوڑی انور مقصود کیساتھ خوب چلی، فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔

معین اختر 22 اپریل 2011 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے ۔ پاکستان کی ثقافت کو ڈراموں اور شوز کے ذریعے جس طرح سے معین اختر نے متعارف کروایا، کوئی دوسرا شاید ہی یہ کام اس خوبی سے ادا کر سکے۔
وقت اشاعت : 22/04/2022 - 12:11:54

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :