گلیمر کے نام پر فلموں میں بہت کچھ شامل کیا جا رہا ہے، حمزہ علی عباسی

بدھ 5 اکتوبر 2022 22:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2022ء) باصلاحیت اداکار حمزہ علی عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں گلیمر کے نام پر فلموں میں ایسی بہت ساری چیزیں شامل کی جا رہی ہیں جو کہ متعین کردہ حدود سے کافی باہر چلی جاتی ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں پاکستانی فلموں کے مقابلے ڈراموں کو بہتر آپشن قرار دیتے ہوے انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں ڈراموں میں دکھائی دیں گے تاہم وہ فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔

حمزہ علی عباسی گزشتہ چند سال سے کیمرے سے دور ہیں، انہوں نے مذہب اسلام کو سمجھنے کی خاطر شوبز سے دوری اختیار کی تھی، تاہم پھر انہوں نے جلد شوبز میں واپسی کا عندیہ بھی دیا تھا۔اب انہوں نے تازہ انٹرویو میں بھی اسی بات کو دہرایا اور کہا کہ وہ مذہب اور خدا کو سمجھنے کی تعلیم حاصل کر رہے تھے جب کہ وہ مذکورہ سلسلہ جاری رکھیں گے مگر اب انہیں اتنا وقت مل جاتا ہے کہ وہ دوسرے کام بھی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوے کہا کہ انہیں جیسے ہی ’نوری نتھ‘ کے ولن کے کردار کی پیش کش کی گئی، انہوں نے کچھ سوچے بغیر ہی کردار کو ادا کرنے کی حامی بھری۔انہوں نے کہا کہ انہیں ’مولا جٹ‘ کے کردار کی آفر نہیں ہوئی تھی اور یہ کہ مولا جٹ کا کردار فواد خان سے بہتر اور کوئی نہیں کر سکتا جب کہ انہیں ’نوری نتھ‘ کا کردار زیادہ مزے کا لگتا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ’نوری نتھ‘ کا کردار بہتر انداز میں ادا کرنے کے لیے مصطفیٰ قریشی کی نقل کرنے کی کوشش کی ہے، کیوں کہ انہوں نے ماضی کی مولا جٹ فلم میں مذکورہ کردار شاندار طریقے سے ادا کیا، جسے لوگ آج بھی نہیں بھلا پائے۔ انہوں نے کہا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پنجابی زبان کی فلم ہے، جسے پشتون خاتون نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ اس میں پنجابی کے علاوہ اردو زبان بولنے والے اداکاروں نے بھی کام کیا ہے، جس سے پاکستان کے کثیر الزبان اور ثقافتی ملک ہونے کا تاثر ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں ہمایوں سعید کے ساتھ ایک فلم کیا بہت ساری فلمیں کریں گے جب کہ وہ ان کے ساتھ دیگر منصوبے بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا فلموں میں گلیمر کے نام پر ایسی چیزیں شامل کی جا رہی ہیں جو کہ حدود سے بہت زیادہ باہر ہوجاتی ہیں، اس لیے ان کا فلموں کے مقابلے ڈراموں میں کام کرنے کا چانس زیادہ ہے۔
وقت اشاعت : 05/10/2022 - 22:14:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :