نصیرالدین شاہ کا نئی بھارتی پارلیمنٹ ہائوس کی افتتاحی تقریب پرشدید تنقید

مودی پارلیمنٹ میں پنڈتوں سے گھرے ایسے داخل ہوئے گویا انگلستان کا بادشاہ پادریوں سے گھرا عصا لے کر محل میں داخل ہوا ہو،شان و شوکت کے فریب کی حد ہونی چاہئے ، سینئر بالی ووڈ اداکار

جمعرات 1 جون 2023 23:37

نصیرالدین شاہ کا نئی بھارتی پارلیمنٹ ہائوس کی افتتاحی تقریب پرشدید تنقید
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2023ء) بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے بھارت کے نئے پارلیمنٹ ہاوس کی افتتاحی تقریب پر تنقید کی ہے۔نصیرالدین شاہ نے ایک انٹرویو میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اپنے لئے ایک یادگار بنانا چاہتے ہیں، اس طرح انہیں یاد رکھا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت میں پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کی پرانی عمارت 100سال پرانی تھی، اس لئے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ ایک نئی عمارت کی ضرورت تھی لیکن کیا ایسی افتتاحی تقریب کی بھی ضرورت تھی جہاں آپ ہر چیز میں مذہبی پہلوئوں کو متعارف کروا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک ایسی جھوٹی شان وشوکت کی وجہ سے نقصان اٹھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ جمہوری ملک کی پارلیمنٹ میں پنڈتوں سے گھرے ایسے داخل ہوتے ہیں گویا انگلستان کا بادشاہ پادریوں سے گھرا ہوا ایک عصا لے کر محل میں داخل ہوا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس شان و شوکت کے فریب کی بھی ایک حد ہونی چاہئے ،مجھے لگتا ہے کہ ہم اسی کی وجہ سے تکلیف میں ہیں، نئی عمارت ہمارے ملک میں جمہوریت کی علامت ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ جمہوریت کو محفوظ بھی رکھے گی۔
وقت اشاعت : 01/06/2023 - 23:37:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :