طارق عزیز مرنے سے قبل اپنی آنکھیں عطیہ کرنا چاہتے تھے،اہلیہ کا انکشاف

حال ہی میں حاجرہ طارق عزیز شوہر کی تیسری برسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیآبدیدہ ہوگئیں

بدھ 16 اگست 2023 23:33

طارق عزیز مرنے سے قبل اپنی آنکھیں عطیہ کرنا چاہتے تھے،اہلیہ کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2023ء)لیجنڈ میزبان طارق عزیز کی اہلیہ حاجرہ طارق عزیر نے انکشاف کیا ہے کہ طارق عزیز مرنے سے قبل اپنی آنکھیں عطیہ کرنا چاہتے تھے۔حاجرہ طارق عزیز شوہر کی تیسری برسی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیآبدیدہ ہوگئیں اور بتایا کہ انھیں لگتا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ مداحوں کی طارق عزیز سے محبت اور چاہت میں کمی آئے گی لیکن ایسا نہیں ہوا، مداحوں کی ان سے محبت اور ان کی عزت میں دگنا اضافہ ہوا ہے۔

صحافی کی جانب سے طارق عزیز کی آخری خواہش سے متعلق کیے گئے سوال پر حاجرہ نے بتایا کہ اپنی زندگی میں طارق عزیز کو جن چیزوں کے بھول جانے کا خدشہ ہوتا تھا تو وہ انھیں لکھ کر کتابوں میں رکھ لیتے تھے، حال ہی میں ان کی ایک کتاب جب میں نے کھولی تو اس میں ایک پرچی تھی جس پر درج تھا کہ میری آنکھیں عطیہ کرنے کیلئے ہیں۔

(جاری ہے)

حاجرہ طارق نے بتایا کہ ان کی ڈائری سے نکلنے والی پرچی سے معلوم ہوا کہ طارق عزیز اپنی آنکھوں کو عطیہ کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی اچانک موت کی وجہ سے ان کی یہ خواہش پوری نہ ہو سکی۔

حاجرہ طارق عزیز نے بتایا کہ ہمیں اس خواہش کا علم حال ہی میں ہوا اگر چہ وہ اس خواہش کا ذکر اپنی زندگی میں ہم سے کر چکے تھے لیکن اس کے باوجود ان کی اچانک موت کے غم میں ہمیں یہ خواہش یاد نہیں رہی۔
وقت اشاعت : 16/08/2023 - 23:33:12