احسن خان نے ایوارڈ شوز پر تنقید مسترد کر دی

ہفتہ 25 نومبر 2023 12:39

احسن خان نے ایوارڈ شوز پر تنقید مسترد کر دی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2023ء) پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ خوبرو اداکار احسن خان نے ایوارڈ شوز پر ہونے والی تنقید مسترد کرتے ہوئے ذاتی تجربہ بیان کر دیا۔ایک انٹرویو کے دوران احسن خان سے سوال کیا گیا کہ کیا ایوارڈز ان اداکاروں کو دیے جاتے ہیں، جو تقریب میں شرکت کرتے ہیں اس کے جواب میںاداکار نے کہاکہ یہ منتظمین سے پوچھا جانا چاہیے لیکن ایک بار میں آئی پی پی اے ایوارڈز کی تقریب میں شرکت نہیں کر سکا تھا جو ناروے میں منعقد تھی لیکن پھر بھی مجھے وہ ایوارڈ ملا۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے ڈرامہ سیریل الف کیلئے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا،مجھے یاد ہے کہ مذکورہ ایوارڈ کیلئے مایا علی نے اعلان کیا اور کہا کہ احسن خان اس وقت یہاں نہیں ہیں، حتیٰ کہ میرے پاس وہ ویڈیو بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے ان کا جہاز کا ٹکٹ،ہوٹل کی بکنگ ضائع کی،شو میں مجھے ایک سلاٹ میں میزبانی بھی کرنی تھی جس کی ادائیگی وہ لوگ کر رہے تھے جو میں نہیں کر سکا،آخری لمحات میں انکار کے باوجود مجھے انہوں نے ایوارڈ دے دیا،اگر چاہتے تو وہ کسی اور کو جو وہاں موجود تھا اسے ایوارڈ سے نواز دیتے لیکن ایسا نہیں ہوا۔

احسن خان نے کہا کہ میں اس بات سے اتفاق نہیں کرتاکہ جو تقریب میں شرکت کرتے ہیں،صرف انہی اداکاروں کو ایوارڈز دیئے جاتے ہیں اور یہ میں آپ کو اپنا ذاتی تجربہ بتا رہا ہوں نہ کہ سنی سنائی۔
وقت اشاعت : 25/11/2023 - 12:39:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :