سینئر اداکار خالد بٹ انتقال کر گئے

اداکار طویل عرصے سے شدید علیل تھے، نماز جنازہ لاہور کے علاقے واپڈا ٹاون میں ادا کی جائے گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 11 جنوری 2024 20:47

سینئر اداکار خالد بٹ انتقال کر گئے
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جنوری2024 ) سینئر اداکار خالد بٹ انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلم انڈسٹری اور ڈرامہ انڈسٹری کے مشہور، مایہ ناز اور سینئر اداکار خالد بٹ دنیا سے رخصت ہو گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر اداکار خالد بٹ جمعرات کی شب کو لاہور میں انتقال کر گئے۔ سینئر اداکار کافی عرصہ سے شدید علیل تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔

(جاری ہے)

خالد بٹ نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز 1970 میں بطور ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کیا اور 1978 میں انہیں بطور اداکار اپنی پہلی پرفارمنس دکھانے کا موقع ملا۔ انہوں نے طویل کیریئر میں بے شمار ٹی وی ڈراموں، فلموں اور تھیٹر میں کام کیا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ان دنوں بھی خالد بٹ کئی پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق خالد بٹ کی نماز جنازہ جمعہ کے روز نماز عصر کے بعد لاہور کے علاقے واپڈا ٹاون میں ادا کی جائے گی۔
وقت اشاعت : 11/01/2024 - 20:47:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :