ہریتھک اوردیپیکا کی پاکستان مخالف پروپیگنڈا فلم ’فائٹر‘ کے فلاپ ہونے کا خدشہ

بدھ 31 جنوری 2024 12:15

ہریتھک اوردیپیکا کی پاکستان مخالف پروپیگنڈا فلم ’فائٹر‘ کے فلاپ ہونے کا خدشہ
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2024ء) بالی وڈ سپر اسٹار ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی نئی فلم ’فائٹر‘ کو باکس آفس پر فلاپ ہونے کا خدشہ لگ گیا۔فلم نے چار دن میں پوری دنیا سے 200 سو کروڑ کا سنگ میل عبور کیا لیکن اب ’فائٹر‘ کے بزنس میں 76 فیصد کمی آگئی ہے اور وہ فلاپ ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے۔فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق حب الوطنی کا تڑکا اور پاکستان مخالف مواد ہونے کے باوجود ناظرین کی بڑی تعداد کو فلم اپنی طرف نہیں کھینچ سکی ہے۔

فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئے۔میگا ایکشن تھرلر فلم کی دیگر کاسٹ میں کرن سنگھ گروور، اکشے اوبرائے اور دیگر نامور فنکار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یش راج پروڈکشن کے تحت ایکشن فلم کو بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند نے بنایا ہے اور اسے بھارت کے 75 یوم جمہوریہ کے موقع پر ریلیز کیا گیا۔

’فائٹر‘ کے ساتھ ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون پہلی مرتبہ اسکرین شیئر کررہے ہیں جب کہ وہ دونوں سدھارتھ آنند کے پروجیکٹ میں الگ الگ کام کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ ’فائٹر‘ کا اعلان جنوری 2021 میں کیا گیا اور اسے ستمبر 2022 کو ریلیز ہونا تھا لیکن کورونا وبا کے باعث اس میں تاخیر ہوگئی اور اب اسے 25 جنوری 2024 میں سینما گھروں کی زینت بنایا گیا۔
وقت اشاعت : 31/01/2024 - 12:15:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :