معروف گلوکار احمد رشدی کا یوم پیدائش منایا گیا

بدھ 24 اپریل 2024 12:09

معروف گلوکار احمد رشدی کا یوم پیدائش  منایا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) معروف گلوکار احمد رشدی کا یوم پیدائش بدھ24 اپریل کو منایا گیا ۔ انہوں نے فلمی موسیقی پر 32 سال تک راج کیا۔احمد رُشدی کا تعلق ایک قدامت پسند سید گھرانے سے تھا۔ رُشدی بچپن سے ہی موسیقی کے شوقین تھے۔ انھوں نے پہلا گیت ہندوستان کی فلم "عبرت"(1951ء) کے لیے گایا۔ پھر پاکستان آ کر 1954ء میں "بندر روڈ سے کیماڑی" گا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔

اس کے بعد رُشدی نے کبھی پیچھے مڑ کے نہیں دیکھا۔انہوں نے موسیقی کی تربیت باقاعدہ کسی استاد سے حاصل نہیں کی تھی بلکہ ان کی یہ صلاحیت خداداد تھی۔ رُشدی ہندوستان کے مشہور پلے بیک گلوکار کشور کمار کے بھی آئیڈل تھے،کشور نے انگلستان کے ٹورز میں رُشدی مرحوم کے گانوں پر پرفارم کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے غزل کی گائیگی میں بھی اپنی ایک منفرد طرز ایجاد کی۔

احمد رُشدی کو بے شمار ایوارڈز ملے ۔ ان کو "ستارہ ا متيا ز" کے ایوارڈ سے بھی نواز گیاا۔ انکا نام پاکستان میں سب سے زیادہ گیت گانے والے گلوکار کے طور پر آیا۔ 5000 سے زیادہ نغمے گائے اور وہ سارے گیت آج بھی لوگوں کی زبان پر ہیں۔انھوں نے فلموں میں بھی کام کیا۔ رُشدی نے بہت خوبصورت تلفظ کے ساتھ نہ صرف اردو بلکہ بنگالی، اوڑیا‘ کننڈا، پنجابی، تامل، تلگو او ر مراٹھی میں بھی اپنی آواز پیش کی۔

کئی مرتبہ انھوں نے بغیر معاوضہ لیے موسیقاروں کے لیے گیت گائے ۔احمد رُشدی نے پس پردہ گلوکاری میں بہت نام کمایا۔ ان کے گائے ہوئے مقبول طربیہ، المیہ فلمی گیت اور غزلیں ان کی اعلیٰ فنی صلاحیتوں کا ثبوت ہیں۔ تیس سالہ کیرئیر میں رُشدی کی مترنم اور پرتاثر آواز کا جادو سر چڑھ کر بولا۔ گیت چاہے چنچل ہوتا یا پْردرد، اونچے سروں میں ہوتا یا دھیمے سروں میں، سننے والوں سے شرف قبولیت حاصل کر کے رہتا۔ انھوں نے نامور گلوکاروں کے مقابل وقت کے معروف موسیقاروں کی دھنوں کو پوری فنی مہارت سے گایا۔ فلمی موسیقی کے زرخیز دور میں رُشدی کو پسندیدہ ترین گلوکار کا درجہ حاصل رہا۔ احمد رُشدی 11 اپریل 1983 کو کراچی میں محض 48 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئےتھے۔
وقت اشاعت : 24/04/2024 - 12:09:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :