ہندی سینما انڈسٹری کی اداکار نرگس کا 86واں جنم دن منایا جایا گیا

پیر 1 جون 2015 13:21

ہندی سینما انڈسٹری کی اداکار نرگس کا 86واں جنم دن منایا جایا گیا

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) ہندی سینما انڈسٹری کی اداکارہ نرگس کا 86واں جنم دن آج منایا جارہا ہے۔ یکم جون1929کو فاطمہ راشد کے نام سے پیدا ہونے والی اس اداکارہ نے تین دہائیوں پر مشتمل اپنے فلمی کیریئر میں لازوال کرداروں میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے حقیقت کے رنگ بھرے۔مدر انڈیا کی رادھا ہو یا پھر رات اور دن کی نفسیاتی عورت کا کردار، نرگس کا ہرکردار دوسرے سے جدا اور ہر ایک پہلے سے بڑھ کے تھا۔

1958میں مدر انڈیا کے ساتھی اداکار سنیل دت سے شادی کے بعد نرگس نے فلمی دنیا سے نیم کنارہ کشی اختیار کرلی اور فلمی سرگرمیوں کو محدود کردیا تاہم اس کے بعد بھی جو بھی کردار کیا، کیا خوب کیا۔1967میں ریلیز ہونے والی فلم رات اور دن نرگس کے فلمی کیریئر کی آخری فلم تھی جس کیلئے انہیں بہترین اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع تھا جب کسی اداکارہ کو نیشنل فلم ایوارڈ دیا گیا۔

فلمی دنیا کو ٹریجڈی کی دنیا کہا جاتا ہے اور اس دنیا کی باسی نرگس کی زندگی بھی المیوں سے بھرپور تھی۔ اس نے ابتدا میں پچاس کے عشرے کے آغاز میں فلم آوارہ اور شری چار سو بیس جیسی فلموں میں ساتھ کام کرنے والے اداکار راج کپور کے ساتھ دل لگایا۔ نرگس اس تعلق کو نبھانے میں سنجیدہ تھی لیکن راج کپور نے اپنی پہلی بیوی جن سے ان کے تین بچے بھی تھے، چھوڑنے سے انکار کردیا۔

نرگس کیلئے یہ انکار کسی دھچکے سے کم نہ تھا۔ ابھی نرگس راج کپور کی یادوں سے ٹھیک طرح باہر بھی نہ نکل سکیں تھیں کہ مدر انڈیا کے سیٹ پر آگ میں گھرنے پر سنیل دت انہیں بچا لائے اور نرگس کے استفسار پر صاف صاف کہہ دیا کہ وہ ان سے محبت کرتے ہیں۔ نرگس کو اس وقت ایسے کندھے کی تلاش تھی جس پر وہ سر ٹکا کے دو گھڑی دل کا بوجھ ہلکا کرسکیں سو انہوں نے 1958میں سنیل دت کا ہاتھ تھام لیا۔

سنیل دت کا ساتھ نرگس کو یوں بھی راس آیا کہ دونوں کے اندر حب الوطنی کوٹ کوٹ کے بھری تھی۔ دونوں نے مل کے ایک پلیٹ فارم بھی بنایا جہاں فنکاروں کو اکھٹا کیا گیا اور فوجیوں کے لئے محاذ پر موجود بطور خاص ڈرامے پیش کئے گئے۔ بھارت کیخلاف جنگوں میں جو کردار میڈم نورجہاں نے پاکستان میں ادا کیا، کم و بیش وہی کردار نرگس نے بھارتی فوجیوں کے لئے ادا کیا۔

یہ اور بات ہے کہ دونوں کے جذبوں کے اظہار کا میڈیم جدا جدا تھا۔اس جوڑے کے تین بچے سنجے، نمرتا اور پریا پیدا ہوئے۔ سنجے نے بھی فلمی دنیاکو ہی اپنا ساتھی چن لیا جبکہ نمرتا نے اداکار راجیندر کمار کے بیٹے کمار گورو سے شادی کی۔ نمرتا لوک سبھا کی رکن ہیں۔ نرگس کو پینکریاٹک کینسرتھا۔ اس کے علاج کیلئے وہ امریکہ بھی گئیں تاہم ان کی حالت بگڑتی گئی اور آخر کار اپنے اکلوتے بیٹے کے فلمی کیریئر کی پہلی فلم کے پریمیئر سے صرف چار روز قبل دنیا سے رخصت ہوگئیں۔

وقت اشاعت : 01/06/2015 - 13:21:28

Rlated Stars :