ادا کار و ہدایتکار سنتوش کمار کی 33ویں اور ماضی کے ممتاز ہیرو اکمل کی 48ویں برسی کل منائی جائیگی

بدھ 10 جون 2015 12:30

ادا کار و ہدایتکار سنتوش کمار کی 33ویں اور ماضی کے ممتاز ہیرو اکمل کی 48ویں برسی کل منائی جائیگی

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جون۔2015ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور ادا کار و ہدایتکار سنتوش کمار کی 33ویں اور پنجابی فلموں کے ماضی کے ممتاز ہیرو اکمل کی 48ویں برسی کل ( جمعرات ) کو منائی جائے گی ۔ سنتوش کمار 25دسمبر 1925ء کو لاہور میں پیدا ہوئے اور ان کا اصل نام موسیٰ رضا تھا ۔ انہوں نے نور جہاں ، راگنی، سورن لتا، مسرت نذیر ، نیلو ، نیر سلطانہ ،شمیم آراء ، حسنہ ، بہار، دیبہ ، رانی کے ہمراہ درجنوں فلموں میں یاد گار مرکزی کردار ادا کئے۔

صبیحہ خانم ، درپن ، نیر سلطانہ ، ایس سلمان ، پنااور منصور وغیرہ کا تعلق بھی سنتوش کمار کے خاندان سے تھا جنہوں نے ادا کاری ، ہدایت کاری ، فلم سازی کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔بیلی، شم ڈھلے ، دو آنسو ، دیور بھابھی،آواز ، قاتل جیسی درجنوں فلموں میں یاد گار کردار ادا کرنے والے سنتوش کمار کو 1950ء سے لے کر 1982ء تک کے 32سالوں کے دوران فلم انڈسٹری پر راج کرنے کا بھی اعزاز حاصل رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی پہلی فلم بیلی میں اپنے مد مقابل کام کرنے والی ہیروئن صبیحہ خانم سے شادی بھی کی۔سنتوش کمار 11جون 1982ء کو 56برس کی عمر میں اس دنیا سے کوچ کر گئے تھے جبکہ پنجابی فلموں کے ماضی کے ممتاز ہیرو اکمل 25سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور دیکھتے ہی دیکھتے پنجابی فلم انڈسٹری پر چھا گئے ۔اکمل نے جبرو ، ملنگی ،خاندان، رن مرید ، ان پڑھ ،چا چا جی ، من موجی ، پنچ دریا سمیت درجنوں پنجابی فلموں میں یاد گار کردار ادا کئے ۔اکمل نوجوانی میں ہی اچانک مختصر علالت کے بعد 11جون 1967ء کو اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔

وقت اشاعت : 10/06/2015 - 12:30:23

Rlated Stars :