بدنام کرنے پر ماریہ بی کا پوڈ کاسٹرشہزاد غیاث کے خلاف ہرجانے کا دعوی

منگل 24 جون 2025 20:44

بدنام کرنے پر ماریہ بی کا پوڈ کاسٹرشہزاد غیاث کے خلاف ہرجانے کا دعوی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء) اسلام آباد کی ضلعی و سیشن عدالت نے ڈیزائنر ماریہ بی کی جانب سے پوڈکاسٹر شہزاد غیاث کے خلاف دائر ہتکِ عزت کے مقدمے کی سماعت آئندہ ماہ 14 جولائی تک ملتوی کر دی۔ماریہ بی نے پوڈکاسٹر پر بدنامی اور تشدد پر اکسانے کا الزام لگایا تھا، جس کی پہلی سماعت گزشتہ ہفتے ہفتے ہوئی تھی۔پیر کو کیس کی دوسری سماعت ہوئی، جس میں شہزاد غیاث کی وکیل ایمان مزاری عدالت میں پیش ہوئیں اور کہا کہ وہ اگلی سماعت پر وکالت نامہ جمع کرائیں گی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر دلائل جمع کرانے اور حکمِ امتناعی کی درخواست پر بحث کرنے کا حکم دئتے ہوئے سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔قبل ازیں ایڈیشنل سیشن جج شیخ محمد سہیل نے کیس کی سماعت کی، جس میں ماریہ بی کی جانب سے بیرسٹر عبدالاحد کھوکھر پیش ہوئے تھے جبکہ غیاث کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا تھا۔

(جاری ہے)

عبدالاحد کھوکھر نے مقف اختیار کیا تھا کہ شہزاد غیاث کو ٹوئٹس اور ویڈیوز پوسٹ کرنے سے روکا جائے کیونکہ ان کا کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور اس کے باوجود وہ منفی پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔

انہوں نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ غیاث کو ایسی سرگرمیوں سے روکا جائے، عدالت نے غیاث یا ان کے وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت ملتوی کی تھی۔ماریہ بی نے جو دعوی دائر کیا ہے، اس میں مقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہزاد غیاث نے ان کے خلاف کئی جھوٹے، بے بنیاد اور سنگین الزامات لگائے۔دعوی میں کہا گیا تھا کہ شہزاد نے الزام لگایا کہ ماریہ بی نے اسلام کو اپنے برانڈ کی تشہیر کے لیے منفی انداز میں استعمال کیا اور یہ بھی کہا کہ وہ اسلام کی علمبردار بن کر اپنے بدصورت کپڑے بیچ رہی ہیں جو کہ ان کے ایمان کی توہین ہے۔

الزامات میں مزید کہا گیا تھا کہ ماریہ بی فلسطین کی نسل کشی کو برانڈنگ کے لیے استعمال کر رہی ہیں، ان کے پاس غیر ملکی شہریت ہے اور وہ غیر ملکی حکمرانوں کے آگے جھکتی ہیں۔یہ بھی کہا گیا تھا کہ غیاث نے الزام لگایا کہ ماریہ بی نے اپنے گھریلو ملازم کو کووِڈ کے دنوں میں بس میں بھیجا، جس سے وائرس پھیلا۔ماریہ بی کی جانب سے دعوی میں مقف اختیار کیا گیا تھا کہ شہزاد غیاث کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات جھوٹے، بے بنیاد اور بدنامی کا باعث ہیں۔

دعوی میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ماریہ بی نے ہمیشہ سماجی ہم آہنگی، فلاحی کاموں، فلسطین کی حمایت، مخنث کے حقوق حقوق اور ایل جی بی ٹی کیو کلچر کے خلاف مہم چلائی۔ماریہ بی نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ شہزاد غیاث کو 50 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے جب کہ وہ معافی مانگنے سمیت بے بنیاد تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کرے۔
وقت اشاعت : 24/06/2025 - 20:44:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :