چین کے باکس آفس میں ’وار کرافٹ فلم چھائی رہی ‘

بدھ 15 جون 2016 18:31

چین کے باکس آفس میں ’وار کرافٹ فلم چھائی رہی ‘

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جون ۔2016ء ) فلم ’وار کرافٹ‘ پورے چین میں بہت زیادہ دیکھی جا رہی ہے۔گذشتہ ہفتے چین میں نمائش کے لئے پیش کی جانے والی فلم ’وار کرافٹ‘ صرف پانچ دنوں میں 15 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی کمائی کر کے چین کے باکس آفس میں سر فہرست رہی۔ سٹار وارزدی فورس اویکنز نے چین میں بھی دھوم مچا دی، سٹار وارز دی فورس اویکنز، امریکی باکس آفس کی کامیاب ترین فلمسٹار وارز سیریز کی فلم ’سٹار وارز ’دی فورس اویکنز‘ کو جب چین میں نمائش کے لئے پیش کیا گیا تو اس نے پانچ دنوں میں 12 کروڑ، 54 لاکھ ڈالر کمائے تھے۔

’ وار کرافٹ‘ چین میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہالی وڈ کی فلم ’فیوریئس 7‘ کو کمائی کے لحاظ سے پیچھے چھوڑنے کی راہ پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

اس فلم نے امریکہ میں نمائش کے شروع کے دنوں میں دو کروڑ، 44 لاکھ کا بزنس کیا۔وار کرافٹ پر تنقیدی تبصرے بھی کئے گئے ہیں جبکہ ویب سائٹ روٹن ٹوماٹوز کی درجہ بندی میں اسے صرف 27 فیصد ریٹنگ ملی۔بین الاقوامی سطح پر 18 سے 35 سال کی عمروں کے مرد وار کرافٹ کے شائقین میں شامل ہیں۔

چین دنیا کی بڑی مارکیٹوں میں سے ایک ہے جہاں اس گیم کے 50 لاکھ سے زائد کھلاڑی ہیں۔وار کرافٹ کو گیم کے طور پر سنہ 2005 میں چین میں متعارف کروایا گیا تھا جب وہاں آن لائن رسائی اور انٹرنیٹ کیفے کا کام بہت تیزی سے پھیل رہا تھا۔16 کروڑ ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والی وار کرافٹ فلم کو چین میں گذشتہ ہفتے 39 ہزار سکرینوں پر ریلیز کیا گیا۔یہ فلم ڈریگن بوٹ فیسٹیول کے دنوں میں ریلیز ہوئی جب چین بھر میں تعطیلات تھیں لہٰذا توقع تھی کہ فلم بین فلم دیکھنے آئیں گے۔

چین میں اس فلم کو ’ایکس میز اپوکلپس‘، ’دی اینگری برڈ‘ اور ’ایلس تھرو دی لوکنگ گلاس‘ سے مقابلہ تھا تاہم ان میں کوئی بھی فلم وارکرافٹ کو چھو نہ سکی۔اس فلم کو تیار کرنے والے سٹوڈیو ’لیجنڈری انٹرٹینمنٹ‘ کو چینی کمپنیوں کے ایک گروپ دالیان وونڈا نے رواں سال ساڑھے تین ارب ڈالر میں خریدا تھا۔اطلاعات کے مطابق لیجنڈری ان ہاؤس مارکیٹنگ ٹیموں نے اس فلم کے امریکہ کے مقابلے میں چین میں زیادہ ٹریلر ریلیز کیے تھے۔

گذشتہ اتوار کو وار کرافٹ کی آمدنی ایک کروڑ 12 لاکھ ڈالر رہی جو کہ گذشتہ دنوں کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ایک اطلاع کے مطابق چین کے باکس آفس کے بارے میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اگلے برس تک دنیا کا سب سے بڑا باکس آفس بن جائے گا اور یہ امریکہ کے باکس آفس کو بھی پیچھے چھوڑ دے گا۔ہالی وڈ کے اداکار جیکی چین نے حال ہی میں شنگھائی فیسٹیول میں بتایا تھا کہ وار کرافٹ کی کامیابی نے امریکیوں کو ’خوفزدہ‘ کر دیا ہے۔

وقت اشاعت : 15/06/2016 - 18:31:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :