ماضی کی مشہور اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئیں ، لندن میں ہی سپرد خاک

اکتوبر 2010 میں لندن میں آپریشن کے بعد سے مسلسل علیل تھیں ٗ 78 برس کی عمر میں چل بسیں شمیم آرا مضبوط خاتون تھیں ٗ مجھے فلموں میں کام کرنے کی آفر بھی کی تھی ٗ بشریٰ انصاری آخری فلم کی ہیروئن تھیں ٗ میرا ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ٗ ریشم

جمعہ 5 اگست 2016 19:44

ماضی کی مشہور اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئیں ، لندن میں ہی سپرد خاک

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 اگست ۔2016ء) ماضی کی مشہور اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئیں ٗاکتوبر 2010 میں لندن میں آپریشن کے بعد سے وہ مسلسل علیل تھیں اور جمعہ کو 78 برس کی عمر میں چل بسیں جنہیں لندن میں ہی سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 1938 میں علی گڑھ میں پیدا ہونے والی شمیم آرا کا اصل نام پتلی بائی تھا تاہم فلمی ضرورت کے تحت بدل کر اسے شمیم آرا کر دیا گیا تھاتقسیم برصغیر کے بعد ان کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا تھاان کی پہلی فلم کنواری بیوہ تھی جسے باکس آفس پر کچھ خاص کامیابی حاصل نہیں ہو سکی البتہ لوگوں کو ایک نئی اداکارہ کا انداز بھا گیااس کے بعد انھیں مختلف قسم کے کردار ملتے رہے بالآخر 1960 میں شمیم آرا نے فلم سہیلی میں نگار ایوارڈ حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیااس کے بعد انھوں نے 80 سے زیادہ فلموں میں کام کیا جن میں پاکستان کی پہلی رنگین فلم نائلہ بھی شامل ہے ٗشمیم آرا کی چند مقبول فلموں میں دیوداس‘ ’صائقہ‘ ’لاکھوں میں ایک‘ ’انارکلی‘ ’چنگاری‘ ’فرنگی‘ ’دوراہا‘ ’منڈا بگڑا جائے وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وحید مراد کے ساتھ ان کی جوڑی کو شائقین فلم میں بیحد پذیرائی ملی ٗفلم ’قیدی‘ میں فیض احمد فیض کی مشہور نظم ’مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ‘ انھی پر فلمائی گئی تھی جسے بیحد مقبولیت حاصل ہوئی۔شمیم آرا کی پہلی شادی سردار رند سے ہوئی تھی۔ ان کے انتقال کے بعد انھوں نے دو اور شادیاں کیں تاہم دونوں زیادہ دیر نہیں چل سکیں البتہ سکرپٹ رائٹر دبیر الحسن سے ان کی چوتھی شادی آخر تک چلی ٗ1989 میں آنے والی پنجابی فلم ’تیس مار خان‘ شمیم آرا کی بطورِ اداکارہ آخری فلم ثابت ہوئی، جس کے بعد انھوں نے ہدایت کاری کے میدان میں قسمت آزمائی کی اور ’جیو اور جینے دو،‘ ’پلے بوائے،‘ ’مس ہانگ کانگ‘ اور ’مس کولمبو‘ جیسی فلمیں بنائیں۔

انھیں پاکستان کی پہلی کامیاب خاتون ہدایت کارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے انھوں نے اداکاری میں چھ نگار ایوارڈ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری کیلئے بھی تین نگار ایوارڈ حاصل کیے۔پاکستان کی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری نے شمیم آراء کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر نہایت غمگین ہے تاہم سب کو ایک دن جانا ہے، وہ کئی عرصے سے کومہ میں تھیں لیکن پھر بھی دل کو تسلی تھی کہ وہ ٹھیک ہوجائیں گی ٗشمیم آراء نہایت خوبصورت اداکارہ تھیں۔

انہوں نے کہا کہ شمیم آرا مضبوط خاتون تھیں اور انہوں نے مجھے فلموں میں کام کرنے کی آفر بھی کی تھی۔اداکارہ ریشم نے بھی اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ غم کی گھڑی ہے، میں نے شمیم آراء کی ہدایات میں کئی فلموں میں کام کیا انہوں نے اپنے کیرئیر میں بہترین کام کیا ہے ٗمیں ان کی آخری فلم کی ہیروئن تھیں اور میرا ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔

وقت اشاعت : 05/08/2016 - 19:44:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :