بھارتی اداکارہ پوجا بھٹ نے پاکستان میں دیوالی منائی

پیر 31 اکتوبر 2016 19:59

بھارتی اداکارہ پوجا بھٹ نے پاکستان میں دیوالی منائی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اکتوبر2016ء) بولی وڈ ہدایت کار٬ پروڈیوسر اور اداکارہ پوجا بھٹ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باوجود اس سال اپنی دیوالی پاکستان میں منائی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پوجا بھٹ ان دنوں کراچی کے دورے پر آئی ہوئی ہیں٬ جہاں انہوں نے دیوالی کا جشن بھی منایا۔پوجا بھٹ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اس سے پہلے بھی متعدد بار پاکستان آچکی ہیں اور انہیں کراچی آکر بے حد خوشی ہوئی۔

واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے٬ اوڑی حملے کے بعد انتہا پسند ہندو تنظیم مہاراشٹرا نرورمن سنہا کے دباؤ میں آکر انڈین فلم ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں پر بولی وڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستانی اداکاروں پر پابندی کے حوالے سے پوجا بھٹ کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ہندوستان میں پاکستانی اداکاروں پر جو پابندی لگائی گئی ہے اسے کسی صورت میں بھی قوم پرستی کا نام نہیں دیا جاسکتا٬ انہوں نے اسے اسکول کے بچوں کا آپس میں کیا جانے والا مذاق بھی قرار دیا۔

اس پابندی کے فیصلے کے بعد کرن جوہر کی فلم 'اے دل ہے مشکل' کی ریلیز میں بھی مشکلات سامنے آئیں جس کی وجہ فلم میں پاکستانی اداکار فواد خان کا کردار تھا۔دوسری جانب پاکستان کے سینما گھروں نے بھی بولی وڈ فلموں کی نمائش سے انکار کیا اور پیمرا نے ٹی وی پر ہندوستانی مواد کی نشریات پر پابندی عائد کردی تھی۔
وقت اشاعت : 31/10/2016 - 19:59:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :