اکیاسویں آسکرز کی تیاریا ں مکمل

اتوار 22 فروری 2009 14:22

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22فروری۔2009ء)امریکی ریاست کیلیفورنیا کے دارالحکومت لاس اینجلس میں اتوار کو ہونے والے اکیاسویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب کی تیاریاں اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ادھر آسکرز کے منتظمین نے انٹرنیٹ پر سامنے آنے والی اس فہرست کو جعلی قرار دیا ہے جس میں اس برس ایوارڈ جیتنے والے افراد کے نام دیے گئے ہیں۔

اکیڈمی کی ترجمان لیزلی انگر کے مطابق ’یہ دستاویز مکمل طور پر جعلی ہے‘۔ایوارڈز کی تقریب اتوار کی شب ہالی وڈ کے مشہور کوڈک تھیٹر میں ہو گی اور آسٹریلوی اداکار ہیو جیک مین اس تقریب کے میزبان ہوں گے۔اطلاعات کے مطابق تقریب کا آغاز گلوکارہ بیونسی اور اداکار زیک ایفرون کی پرفارمنس سے ہوگا۔انٹرنیٹ پر شائع کی جانے والی فہرست ایک اصل لگنے والے لیٹر پیڈ پر تحریر کی گئی ہے اور اس پر آسکرز پیش کرنے والے اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز کی صدر سڈ گینس کے دستخط بھی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم سڈ گینس کا کہنا ہے کہ’ اکیڈمی کی صدر کو فاتحین کے ناموں کا قبل از وقت علم نہیں ہوتا اور نہ ہی ایسی کوئی فہرست بنائی گئی ہے‘۔اس فہرست کے مطابق اس برس کیٹ ونسلٹ کو بہترین اداکارہ اور سلم ڈاگ ملینیئر کو بہترین فلم اور اسی فلم کے لیے ڈینی بوئل کو بہترین ہدایتکار جبکہ ہیتھ لیجر کو بہترین معاون اداکار کے ایوارڈ ملیں گے۔اکیاسیویں آسکرز کے حصول دوڑ میں سب سے آگے فلم ’دا کیورئس کیس آف بنجمن بٹن‘ ہے جسے تیرہ شعبوں میں ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے جبکہ ممبئی کی کچی بستیوں کے رہائشی لڑکے کے بارے میں برطانوی ہدایتکار ڈینی بوئل کی فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ بھی بہترین فلم سمیت دس شعبہ جات میں آسکرز کے لیے نامزد کی گئی ہے۔

بھارتی موسیقار اے آر رحمان کو بھی اسی فلم کے لیے نامزدگی ملی ہے اور ان کے دو گانے آسکرز کی دوڑ میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ آسکرز کے لیے نامزد فلموں میں ’ملک‘ اور ’دا ڈارک نائٹ‘ کو آٹھ آٹھ شعبوں میں نامزد کیا گیا ہے جن میں آنجہانی ہیتھ لیجر کی بطور بہترین معاون اداکار نامزدگی بھی شامل ہے۔جو فلمیں بہترین فلم کے آسکر ایوارڈ کے لیے مدِ مقابل ہیں ان میں ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ اور ’دا کیورئس کیس آف بنجمن بٹن‘ کے علاوہ ’مِلک‘، ’دا ریڈر‘ اور ’فراسٹ/نکسن‘ شامل ہیں۔

اداکار میریئل سٹریپ فلم ’ڈاوٴٹ‘ میں اداکاری پر بہترین ادکارہ کے لیے بہتر نامزد کی گئی ہیں اور یہ ان کی پندرہویں آسکر نامزدگی ہے۔ سٹریپ کا مقابلہ برطانوی ادکارہ کیٹ ونسلٹ، ادکارہ این ہیداوے، ملیسا لیو اور انجلینا جولی سے ہوگا۔عام زندگی میں انجلینا جولی کے پارٹنر اداکار بریڈ پٹ کو بھی فلم ’دا کیورئس کیس آف بنجمن بٹن‘ میں اداکاری پر بہترین اداکار کے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزدگی ملی ہے اور اس اعزاز کے لیے ان کا مقابلہ مکی رورک، فرینک لنگیلا، شان پین اور رچرڈ جینکنز سے ہے
وقت اشاعت : 22/02/2009 - 14:22:30

Rlated Stars :