آٹھ ماہ بعد سمندر میں گرا کیمرا صحیح سلامت برآمد

طویل عرصے تک پانی میں رہنے کے باوجود فلمائی گئی ویڈیوز کو کچھ نقصان نہیں پہنچا،رپورٹ

ہفتہ 1 فروری 2025 17:07

آٹھ ماہ بعد سمندر میں گرا کیمرا صحیح سلامت برآمد
اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2025ء) کینیڈا میں وکٹوریا کے ساحل پر سمند میں گر جانے والا کیمرا آٹھ ماہ بعد غوطہ خور نے ڈھونڈ نکالا۔ طویل عرصے تک پانی میں رہنے کے باوجود فلمائی گئی ویڈیوز کو کچھ نقصان نہیں پہنچا۔عرب ٹی وی کے مطابق غوطہ خور کین کیئلے نے بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ اوگڈن پوائنٹ پر غوطہ خوری کر رہے تھے جب انہیں پانی کی سطح سے 30 فٹ نیچے گو پرو کیمرا ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دیکھا کہ ڈیوائس میں پانی جانے کے باوجود ایس ڈی کارڈ اپنی جگہ موجود تھا اور اس میں متعدد ویڈیوز بھی تھیں جن میں کیمرا مالک کے سر سے پانی میں گرنے کی ویڈیو بھی شامل تھی۔ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب کیمرا پانی میں گرا تو اس کا منہ اوپر کی جانب تھا اور تھوڑی دیر بعد کیمرا کی جانب کیکڑے کے آنے کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔

کین نے کیمرا مالک کی تلاش کی غرض سے کچھ ویڈیو کلپس اور اسکرین شاٹ سوشل میڈیا پر شیئر کیے، ان کی پوسٹ وائرل ہوئی اور بالآخر کیمرا اپنے مالک کی والدہ کے پاس پہنچ گیا۔کیمرا مالک شے لیلر نے بتایا کہ ان کی والدہ نے ایک ویڈیو کلپ میں ان کی آواز کو پہچان لیا۔بعد ازاں کین اور شے نے ملاقات کی اور کین نے کیمرا اور ایس ڈی کارڈ شے کے حوالے کر دیا۔

Browse Latest Weird News in Urdu