Lady Diana - Article No. 1324

Lady Diana

لیڈی ڈیانا - تحریر نمبر 1324

اگر دنیا بھر کے شاہی خاندانوں کے مشہور ترین افراد کے درمیان مقابلہ کرایا جائے تو یہ مقابلہ لیڈی ڈیانا کے سوا کوئی اور شخصیت نہ جیت سکے گئی۔

ہفتہ 3 اکتوبر 2015

اگر دنیا بھر کے شاہی خاندانوں کے مشہور ترین افراد کے درمیان مقابلہ کرایا جائے تو یہ مقابلہ لیڈی ڈیانا کے سوا کوئی اور شخصیت نہ جیت سکے گئی۔ کہا جاتا ہے کہ شاہی خاندان نے ڈیانا کو بہت کچھ دیا تھا۔ اس بات کا ڈیانا نے خود ہی یوں جواب دیا کہ میں نے شاہی خاندان کو بہت کچھ دیا ہے شاید شاہی خاندان سے کچھ زیادہ۔
بہت کچھ لینے اور بہت کچھ دینے کے باوجود، دنیا بھر کی دولت، عزت اور ناموری قدموں میں ڈھیرہونے کے باوجود، ہرطرح کی آسائشاتِ زندگی میسر ہونے کے باوجود، حسن و جمال کے بے پناہ خزینے کی مالک ہونے کے باوجود ، ڈیانا ایک بدنصیب عورت تھی۔
ایک ایسی بد نصیب عورت جو ساری عمر حقیقی پیار کی تلاش میں بھٹکتی رہی اور ابھی یہ تلاش ناتمام ہی تھی کہ عالم رنگ وبو کی ساری رنگینیاں اور خوشبوئیں چھوڑ چھاڑ کر سفر آخرت پر روانہ ہوگئی۔

(جاری ہے)


ڈیانا 1961 میں سینڈرنگھم میں پیدا ہوئی۔ وہ علاقے کے آٹھویں ارل سپنسر کی بیٹی تھی ۔ اس کا تعلق اگرچہ اعلیٰ خاندان سے تھا لیکن اس میں بے جا فخر وناز کا شائبہ تک نہ تھا جوکہ اس کی عظمت کی واضح دلیل ہے۔

شادی سے پہلے ڈیانا اپنے تمام حسن وجمال اور اعلیٰ شخصیت کے باوجود ایک گمنام ہستی تھی لیکن 29 جولائی 1971 کو برطانوی عہد شہزادہ چارلس سے شادی کے بعد وہ دنیا بھر کی خبروں کا مرکز بن گئی۔ یہ شادی جو اس وقت تک صدی کی سب سے بڑی تقریب تھی ٹیلی ویژن پر براہِ راست دکھائی گئی ۔ اس کے بعد سے شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا مسلسل اخبار نویسوں اور ٹی وی رپورٹروں کی زد میں رہے اور بالآخر شہزادی ڈیانا کا المناک انجام بھی انہی رپورٹرز کی جارحیت کی وجہ سے ہوا۔

شادی کے وقت ڈیانا کی عمر 21سال اور شہزادہ چارلس کی عمر 40 سال کے لگ بھگ تھی۔ عمروں کایہ فرق ان کی سوچ میں بھی ظاہر ہوا۔ شادی کے کچھ عرصہ بعد تک تو انہوں نے اپنے اختلافات کو کامیابی سے چھپائے رکھا لیکن پھر رفتہ رفتہ یہ اختلافات نمایاں ہونے لگے اور پھر ایک دن وہ بھی آیا جب 1992 میں ان کے درمیان علیحدگی ہوئی اور بعد ازاں اگست 1996 میں طلاق ہوگئی۔

اس علیحدگی اور طلاق کی مختلف وجوہات بیان کی گئی لیکن ان میں سب سے نمایاں وجہ یہ تھی کہ شہزادہ چارلس اپنی ہم عمر ایک خاتون کمیلا پار کر کے عشق میں بری طرح مبتلا تھا۔ ساری دنیا کو اس بات کی خبر ہو گئی اور شہزادہ چارلس نے بھی ڈیانا کی طرف اپنی بے اعتنائی کو چھپانے کی کوئی کوشش نہ کی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ حالات خراب سے خراب تر ہوتے چلے گئے۔
شہزادی ڈیانا نے مختلف فلاحی سرگرمیوں میں مصروف رہ کر ان معاملات سے اپنی توجہ ہٹانا چاہی لیکن بالآخر دونوں کے درمیان طلاق ہو کر رہی۔
طلاق کے بعد ان کے اختلافات کھل کر سامنے آئے۔ شہزادی ڈیانا کے مختلف افیئر مشہور ہوئے جن میں ایک میجر جیمز ہیوٹ کے ساتھ تھا۔ شہزادی ڈیانا نے اسے اپنی تنہائی کا ساتھی بنایا لیکن اس کم ظرف نے چند سکوں کے عوض اس بات کو اخبارات میں افشا کر دیا۔
اس سکینڈل نے شہزادی ڈیانا کو بہت پریشان کیا۔
اس کے بعد شہزادی ڈیانا نے ایک پاکستانی ڈاکٹر حسنات سے دوستی کر اور ایک وقت آیا کہ اس نے ڈاکٹر حسنات سے شادی کی خواہش بھی ظاہر کی۔ اس مقصد کے لیے وہ ڈاکٹر حسنات کے خاندان سے بھی ملی لیکن قسمت کویہ ملاپ منظو ر نہ تھا۔ کہاجاتا ہے کہ ڈاکٹر حسنات کے لئے ڈیانا مسلمان ہونے کو بھی تیار تھی۔
بہر حال یہ بیل منڈھے نہ چڑھ سکی۔
حالات یونہی چلتے رہے۔ اس دوران لیڈی ڈیانا عمران خان کی بیگم جمائما خان سے قریبی تعلقات کی بناء پر شوکت خانم کینسر ہاسپٹل کیلئے چندہ اکٹھا کرنے پاکستان بھی آئیں۔ طلاق کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کو انسانی خدمت کے لئے وقف کر دیا تھا۔ ایڈز کے مریضوں اور دنیا کے بارودی سرنگوں کے خاتمے کیلئے انہوں نے بے پناہ کام کیا۔

ڈاکٹر حسنات سے دور ہونے کے باوجود وہ اسلام اور مسلمانوں سے دور نہ رہ سکیں۔ اب ان کی دوستی ایک ارب پتی عرب بزنس مین کے امیر کبیر بیٹے دودی الفائد سے ہوگئی۔ ان دونوں کا ساتھ مت تک رہا۔ وہ دودی الفائد کے ساتھ پیرس میں کار میں جا رہی تھیں کہ اخبار نویسوں اور فوٹو گرافروں نے ان کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔ ان کی اور متعاقبین کی کاروں کے درمیان ایک ریس شروع ہو گئی جس کا انجام ایک سرنگ میں دودی اور ڈیانا کی گاڑی کے خوفناگ ایکسیڈنٹ پر ہوا۔
اس حادثے میں لیڈی ڈیانا اور دودی دونوں ہلاک ہو گئے۔
اس ایکسیڈنٹ کو مختلف معانی اور مفاہیم پہنائے گئے جس میں ایک یہ بھی شامل تھا کہ لیڈی ڈیانا اصل میں اسلام قبول کرنے والی تھی جو کہ برطانیہ کے اربابِ اختیار کو پسند نہ تھا اور انہوں نے لیڈی ڈیانا کو ایک حادثے میں ہلاک کردیا۔ لیڈی ڈیانا کی وفات پر پوری دنیا میں تہلکہ مچ گیا۔ ان کو چاہنے والے گھروں سے نکل آئے اور ان کا جی بھر کر سوگ منایا گیا۔
وہ 31 اگست 1997 کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوئیں۔
ڈیانا کی حسرت ناک زندگی کا انجام المناک ہوا۔ بظاہر خوابوں کی دنیا کی سی زندگی گزارنے والی شہزادی کو ساری عمر وہ حقیقی خوشی نصیب نہ وہ سکی جو صرف سچا پیار پانے والوں کے حصے میں آتی ہے۔ قسمت نے اس کے حصے میں بہت کچھ ڈالا لیکن ڈیانا کی پوری زندگی پر نظر ڈالی جائے تو یہی کہا جا سکتا ہے کہ وہ ایک انتہائی بد نصیب خاتون تھی جو سب کچھ پا کر بھی کچھ نہ پاسکی۔

Browse More Women Who Had Bad and Miserable Fate

Special Women Who Had Bad and Miserable Fate article for women, read "Lady Diana" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.