3G and 4G Spectrum Auctions Commence Tomorrow

3G And 4G Spectrum Auctions Commence Tomorrow

تھری اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی کل اسلام آباد میں ہو گی

پاکستان ٹیلی کمینیکشن اتھارٹی نے تھری اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ تھری جی کے لئے تین اور فور جی کے دو لائسنس دیئے جائیں گے۔ حکام کے مطابق تھری جی لائسنس کی بولی 295 ملین ڈالر جبکہ فور جی لائسنس کی 210 ملین ڈالر سے شروع کی جائے گی۔ لائسنس 15 سال کی مدت کے لیے دئےجائیں گے۔

تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی نیلامی کل صبح گیارہ بجے اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں ہو گی جس میں ملک کی چار بڑی موبائل کمپنیاں موبی لنک ، ٹیلی نار ، زونگ اور یو فون حصہ لیں گی ۔

نیلامی کا عمل آن لائن ہو گا جس کے لیے خصوصی سافٹ وئیر سمرا استعمال کیا جائے گا ۔ نیلامی کا یہ جدید طریقہ امریکا، سوئیڈن، ناروے، ہانگ کانگ اور کینیڈا میں اختیار کیا جا رہا ہے جس میں پیش کش کرنیوالی کمپنیوں کیلئے رازداری کیساتھ دانشمندانہ فیصلے کرنے کی گنجائیش موجود ہے اور کمپنیاں اپنے صدر دفاترمیں بیٹھ کر نیلامی میں حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

نیلامی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو مخصوص کلر کوڈ جاری کیے گئے ہیں۔ نیلامی کے دوران بولی دینے والی کمپنیاں نام کے بجائے مخصوص رنگ کے ذریعے ظاہر ہوں گی۔ نیلامی میں حصہ لینے والی دیگر پارٹیوں کو یہ معلوم نہیں ہو سکے گا کہ بولی کس آپریٹر کی طرف سے لگائی گئی ہے ہر بولی کے درمیان 45 منٹ کا وقفہ دیا جائے گا جبکہ ہر اگلی بولی کا پہلے والی بولی سے کم از کم 3 فیصد زیادہ ہونا لازمی ہوگا تاہم نیلامی کے آخری مرحلے میں اس شرط کا اطلاق نہیں ہو گا۔

پی ٹی اے کے مطابق فور جی لائسنس کی بولی میں حصہ لینے کیلئے تھری جی لائسنس لینا ضروری ہے جبکہ نیلامی کا عمل ایک سے دو روز یا اس سے بھی طویل ہو سکتا ہے۔ کامیاب بڈرز کو 50 فیصد ادائیگی 30 دن اور بقایا ادائیگی پانچ سال میں مساوی قسطوں میں کرنا ہو گی۔ تھری اور فور جی لائسنس 15 سال کی مدت کے لیے جاری کیے جائیں گے۔

تاریخ اشاعت: 2014-04-22

More Technology Articles