قندیل بلوچ قتل کیس، مفتی قوی کی درخواست ضمانت منظور

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر محمد خان نے مفتی عبدالقوی کی ضما نت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی

منگل 14 نومبر 2017 17:16

قندیل بلوچ قتل کیس، مفتی قوی کی درخواست ضمانت منظور
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2017ء) ملتان ڈسٹرکٹ عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار ملزم مفتی عبدالقوی کی ضمانت 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔ منگل کو ملتان نیو جوڈیشل کمپلیکس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امیر محمد خان کی عدالت میں مفتی عبدالقوی کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران مفتی عبدالقوی کے وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقتولہ کا بھائی اسلم شاہین کیس میں نامزد ملزم ہے، لیکن اس کی ضمانت ہوگئی ہے جبکہ مفتی عبدالقوی پر قندیل کے بھائیوں کو اکسانے کا الزام ہے اور سعودیہ سے آنے والی نامعلوم کال پر مفتی عبدالقوی کو ملزم ٹھہرایا جا رہا ہے۔

وکیل نے کہا کہ پولی گرافکس رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

(جاری ہے)

دلائل مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے مفتی عبدالقوی کی ضمانت دو لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔ گذشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ پرویز خان نے مفتی عبدالقوی کو 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا تھا۔اس سے قبل گذشتہ ماہ کے آخر میں مفتی قوی کا پولی گرافک ٹیسٹ کیا گیا، جس کے دوران ان سے قندیل بلوچ قتل کیس اور مقتولہ کے بھائی سے تعلقات سمیت مختلف سوالات کیے گئے۔

تاہم پنجاب فارنزک سائنس اتھارٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ مفتی عبدالقوی نے پولی گرافی ٹیسٹ میں تعاون نہیں کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں ماڈل قندیل بلوچ کو ان کے بھائی وسیم نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا، مقدمے میں مقتولہ کے کزن حق نواز کو بھی نامزد کیا گیا، یہ دونوں ملزمان اس وقت ملتان جیل میں ہیں۔
وقت اشاعت : 14/11/2017 - 17:16:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :