پنجابی فلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے ہمیں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہو گا ‘ تنویر خان

منگل 21 نومبر 2017 13:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2017ء) اسٹیج ڈرامہ ڈائریکٹر و رائٹر تنویر خان نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں سلطان راہی اور انجمن کے بعد کوئی ایسی جوڑی سامنے نہیں آئی جو پنجابی فلموں کا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھا سکے ، سلطان راہی اور انجمن نے بطور ہیرو اور ہیروئن 129فلموں میں کام کیاجو ایک ریکارڈ ہے اور سلطان راہی کے دنیا سے جانے کے بعد کسی کا اس ریکارڈ تک پہنچنا ناممکن ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجابی فلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے ہمیں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہو گا تب ہی جا کر پنجابی فلم انڈسٹری فروغ پا سکتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اداکارہ صائمہ نور اور شان نے چند ایک فلموں میں شاندار کام کیا مگر پھر ان کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا اور نہ ہی اب ان کا کوئی متبادل موجود ہے ۔ اس حوالے سے سنجیدگی کے ساتھ عمل نہیں کیا گیا تو پنجابی فلم مکمل طور پر لاوارثی کا شکار ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میری فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو آزمائیں تاکہ ہماری مادری زبان پنجابی فلموں کا دور دوبارہ سے شروع ہو سکے۔
وقت اشاعت : 21/11/2017 - 13:48:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :