سنتوش کمار کی 32ویں برسی 11جون کو منائی جائے گی

پیر 5 جون 2017 14:26

سنتوش کمار کی 32ویں برسی 11جون کو منائی جائے گی
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2017ء)پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور ادا کار و معروف ہدایت کار سنتوش کمار جو 11جون 1982ء کو 56برس کی عمر میں اپنے لاکھوں مداحوں کو داغ مفارقت دے گئے تھے کی 32ویں برسی اتوار کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔خوبصورتی ، ذہانت اور فن کی بے مثال صلاحیت سے لیس ادا کار سنتوش کمار جن کا اصل نام موسیٰ رضا تھا 25دسمبر 1925ء کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔

انہوںنے نور جہاں ، راگنی، سورن لتا، مسرت نذیر ، نیلو ، نیر سلطانہ ،شمیم آراء ، حسنہ ، بہار، دیبا ، رانی کے ہمراہ درجنوں فلموں میں یاد گار مرکزی کردار ادا کئے۔صبیحہ خانم ، درپن ، نیر سلطانہ ، ایس سلمان ، پنااور منصور وغیرہ کا تعلق بھی سنتوش کمار کے خاندان سے تھا جنہوںنے ادا کاری ، ہدائت کاری ، فلم سازی کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔

(جاری ہے)

بیلی، شام ڈھلے ، دو آنسو ، دیور بھابھی،آواز ، قاتل جیسی درجنوں فلموں میں یاد گار کردار ادا کرنے والے سنتوش کمار کو 1950ء سے لے کر 1982ء تک کے 32سالوں کے دوران فلم انڈسٹری پر راج کرنے کا بھی اعزاز حاصل رہا۔انہوںنے اپنی پہلی فلم بیلی میں اپنے مد مقابل کام کرنے والی ہیروئن صبیحہ خانم سے شادی بھی کی۔ان کی برسی کے موقع پر ان کے مداح مختلف تقریبات کا انعقادکریں گے جبکہ الیکٹرانک میڈیا بھی ان کی فنی زندگی پر پروگرامات نشرکریگا۔
وقت اشاعت : 05/06/2017 - 14:26:01