نوجوان بھارتی مداح کا اداکارہ تمنا بھاٹیہ پر جوتے سے حملہ

اداکارہ کی جانب جوتے پھینکنے والے 31 سالہ نوجوان کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا

منگل 30 جنوری 2018 12:21

نوجوان بھارتی مداح کا اداکارہ تمنا بھاٹیہ پر جوتے سے حملہ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2018ء) ویسے تو زیادہ تر سیاستدانوں پر جوتوں سے حملے ہوتے ہیں،اور بھارت جیسے ملک میں عوام کی جانب سے جوتوں پر کرپٹ حکمرانوں پر حملوں کے واقعات کچھ زیادہ ہی پیش آتے ہیں۔تاہم اس بار بھارت میں سیاستدان کے بجائے خوبرو اداکارہ پر جوتا پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔ایک نوجوان بھارتی مداح نے 28 سالہ خوبرو بولی وڈ اداکارہ تمنا بھاٹیہ پر اس وقت جوتا پھینکا جب وہ جیولری شاپ کا افتتاح کرنے کے لیے پہنچیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ نے اپنی خبر میں ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکارہ پر بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد دکن میں حملہ کیا گیا۔پولیس کے مطابق اداکارہ تمنا بھاٹیہ کی جانب جوتے پھینکنے والے 31 سالہ نوجوان کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق نوجوان نے تفتیش کرنے پر انکشاف کیا کہ انہوں نے اداکارہ کی جانب سے غلط فلم میں کام کرنے پر ان کی جانب جوتا پھینکا۔

جوتے سے حملہ کرنے والے نوجوان کا کہنا تھا کہ تمنا بھاٹیہ نے اداکاری کے لیے غلط فلم کا انتخاب کیا، جس وجہ سے وہ ان سے ناراض ہیں، اور انہوں نے ذہنی پریشانی میں آکر یہ قدم اٹھایا۔نوجوان نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں اداکارہ کی کون سی فلم غلط لگی، تاہم اسے فوری طور پر گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔فلمی فوکس کی جانب سے اسی واقعے کی ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کی جانب سے جیولری شاپ کے افتتاح کے موقع پر لوگوں کی بہت بڑی تعداد وہاں موجود ہے، جب کہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔

ویڈیو میں ایک نوجوان کو دور سے اداکارہ کی جانب جوتا پھینکتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ 28 سالہ تمنا بھاٹیہ ان دنوں تیلگو فلم ’نا نٴْوے‘ ہندی فلموں ’کوئین ونس اگین‘ اور ’خاموشی‘ سمیت مراٹھی فلم ’اے بی سی‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان پر جوتے سے حملہ کرنے والے مداح کو تمنا بھاٹیہ کی ان فلموں میں سے کس فلم پر اعتراض تھا۔
وقت اشاعت : 30/01/2018 - 12:21:33

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :