عاطف اسلم نے یوم آزادی کے کنسرٹ پر بھارتی گانے کی خبر کو جھوٹا قرار دے دیا

تقریب کی ویڈیو شیئر کیے بغیر ایک جھوٹی خبر کی بنیاد پر گلوکار کی حب الوطنی پر شک کیا جا رہا ہے ،ْعاطف اسلم کے حمایتیوں کی گفتگو نئے پاکستان میں الزام لگانے والے افراد ان سب کو عزت دینا جان جائیں گے، جنہوں نے پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ،ْعاطف

جمعہ 10 اگست 2018 20:04

عاطف اسلم نے یوم آزادی کے کنسرٹ پر بھارتی گانے کی خبر کو جھوٹا قرار دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2018ء) پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ان خبروں کو جھوٹا قرار دیدیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے منعقد ایک میوزک کنسرٹ میں بھارتی گانا گایا۔ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی خبروں میں پاکستان کے ایک نیوز چینل کی جانب سے چلائی گئی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کئی افراد نے عاطف اسلم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

صارفین نے گلوکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی حب الوطنی پر شک کیا اور الزام عائد کیا کہ عاطف اسلم نے اس عمل کے لیے بھاری معاوضہ وصول کیا۔سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ عاطف اسلم نے امریکی شہر نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے منعقد کیے گئے یوم آزادی کے پروگرام میں ایک بھارتی گانا گایا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی خبروں اور ٹوئیٹس میں تقریب کی کوئی ویڈیو شیئر کیے بغیر دعویٰ کیا گیا کہ پاکستانی گلوکار نے اپنے ہی ملک کے یوم آزادی پر دشمن ملک کا گانا گایا ،ْجہاں کئی صارفین نے عاطف اسلم کو تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں کچھ صارفین اور معروف گلوکاروں نے ان کی سپورٹ بھی کی۔

عاطف اسلم کی سپورٹ کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ تقریب کی ویڈیو شیئر کیے بغیر ایک جھوٹی خبر کی بنیاد پر گلوکار کی حب الوطنی پر شک کیا جا رہا ہے۔ساتھ ہی کچھ مداحوں نے عاطف اسلم کی حب الوطنی کی مثالیں دینے کیلئے ان کی جانب سے ملک سے محبت کی باتوں کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔معروف گلوکار و موسیقار شفقت امانت علی خان نے بھی عاطف اسلم کی حمایت کی اور کہا کہ موسیقی پاکستانی یا بھارتی نہیں ہوتی وہ صرف میوزک ہی ہوتی ہے۔

خود پر تنقید اور جھوٹی خبر وائرل ہونے کے بعد عاطف اسلم نے بھی ٹوئیٹ کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے یوم آزادی کے کنسرٹ پر بھارتی گانے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیا ،ْگلوکار نے مختصر ٹوئٹ میں خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے لکھا کہ بے شک اللہ عزت دینے اور رکھنے والا ہے، سبز جھنڈا میری پہچان ہے۔گلوکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے ان تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے ان کے خلاف جاری جھوٹی خبر کے خلاف ان کا ساتھ دیا۔

عاطف اسلم نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ان کے مداح جانتے ہیں کہ وہ سبز حلالی پرچم کی کتنی عزت کرتے ہیں ،ْ انہوں نے لکھا کہ ان کے مداح ان کے خلاف جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈا کا جواب ٹھیک طرح سے دینا جانتے ہیں۔عاطف اسلم نے لکھا کہ نئے پاکستان میں الزام لگانے والے افراد ان سب کو عزت دینا جان جائیں گے، جنہوں نے پوری دنیا میں اپنے ملک کا نام روشن کیا۔
وقت اشاعت : 10/08/2018 - 20:04:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :