رومانٹک کامیڈی سوشل ویب سیریز’’شیم لیس پرپوزل‘ ‘کا پہلا ٹیزر جاری

ویب سیریز کی پہلی قسط رواں ماہ 29 مارچ کو آن لائن ریلیز کی جائے گی، سیریز کی مجموعی طور پر 7 قسطیں ہیں

جمعہ 22 مارچ 2019 12:08

رومانٹک کامیڈی سوشل ویب سیریز’’شیم لیس پرپوزل‘ ‘کا پہلا ٹیزر جاری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) مشرقی معاشرے میں شادی طے کرنا کسی بڑی جنگ سے کم معرکہ نہیں ہوتا۔اگرچہ نئی نسل ماضی کی طرح والدین کی رضامندی سے ’ارینج میرج‘ پر اب یقین نہیں رکھتی، تاہم پھر بھی کئی لڑکے اور لڑکیاں ایسے ہیں جو اب بھی والدین کی خواہش کے مطابق شادیاں کرتے ہیں۔ساتھ ہی آج کے دور میں ’لو میرج‘ یعنی پسند کی شادی کا رواج بھی بڑھتا جا رہا ہے، تاہم دونوں طرح کی شادیوں میں ماضی کی طرح رکاوٹیں اور مسائل اب بھی موجود ہیں۔

پاکستان میں جب کسی گھرانے میں کوئی رشتہ جاتا ہے تو لڑکے والے لڑکی والوں سے بے شمار سوالات کرتے ہیں، ساتھ ہی لڑکی والے بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔اور ان جیسے ہی مسائل پر فلم ساز سعدیہ جبار نے ویب سیریز جاری کی ہے، جس کا پہلا ٹیزر ٹریلر جاری کردیا گیا۔

(جاری ہے)

والدین کی پسند پر ہونے والی شادیوں اور رشتے طے ہونے سے قبل ہونے والے مسائل پر مبنی سعدیہ جبار کی رومانٹک کامیڈی سوشل ویب سیریز’شیم لیس پرپوزل‘ کا پہلا ٹیزر دیکھ کر ہی اندازہ ہوتا ہے کہ شائقین خوب محظوظ ہوں گے۔

ایک منٹ دورانیے کے ٹیزر میں لڑکے والوں کو لڑکی والوں کے ہاں رشتے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ہلکے پھلکے مزاح سے بھرپور ٹریلر میں رشتے طے کرتے وقت لڑکے اور لڑکی والوں کے گھر والوں کے درمیان ہونے والی نوک جھوک دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ سیریزتفریح سے بھرپور ہوگی۔’شیم لیس پرپوزل‘ کی کہانی سجاد گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ہنی ہارون نے دی ہیں۔ویب سیریز کی پہلی قسط رواں ماہ 29 مارچ کو آن لائن ریلیز کی جائے گی، سیریز کی مجموعی طور پر 7 قسطیں ہیں۔
وقت اشاعت : 22/03/2019 - 12:08:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :