ایف آئی اے نے علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا پر بیہودہ الزامات لگانے پر اداکارہ عفت رحیم سمیت 15 سے زائد ماڈلز و اداکاروں کو طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے

پیر 19 اگست 2019 19:38

ایف آئی اے نے علی ظفر کیخلاف سوشل میڈیا پر بیہودہ الزامات لگانے پر اداکارہ عفت رحیم سمیت 15 سے زائد ماڈلز و اداکاروں کو طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) گلوکار و اداکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر میشا شفیع کے حوالے سے بیہودہ الزامات لگانے پر ایف آئی اے نے اداکارہ عفت رحیم سمیت 15 سے زائد ماڈلز و اداکاروں کو طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق معروف گلوکار اور اداکار علی ظفر نے میشا شفیع کیس کے حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دی تھی کہ فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور یو ٹیوب پر ان کی تصاویر اور کچھ وڈیو کلپ کے ساتھ ان کو بدنام کیا جارہا ہے، یہ سب ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا جارہا جس کی وجہ سے وہ اور ان کی فیملی شدید دبا میں ہے لہذا جو لوگ سوشل میڈیا پر میشا شفیع کے حوالے سے ان کو بدنام کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور نے علی ظفر کی درخواست پر تحقیقات شروع کیں تو معلوم ہوا کہ اس میں زیادہ تر نامی گرامی ماڈل و اداکارہ شامل ہیں ان کے ذاتی فیس بک انسٹاگرام اور واٹس ایپ اکائونٹس سے ہی علی ظفر کے خلاف نہ صرف بیہودہ اور نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے بلکہ ان کی تصاویر اور ویڈیوز کلپ کو بھی ایڈٹ کرکے نازیبا زبان استعمال کی گئی جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور نے عفت رحیم، ماہم جاوید، فریحہ ایوب، علی گل پیر، مناہل خان، محسن سعید، حمنا رضا اور سبحہ غنی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

عفت رحیم اپنا بیان بھی ریکارڈ کراچکی ہیں جبکہ باقی اداکار آئندہ ہفتے بیان ریکارڈ کرا کر تحقیقات کا حصہ بنیں گے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور ذرائع کے مطابق اب تک کی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ کچھ فلم اسٹار اور ماڈلز نے علی ظفر کے خلاف میشا شفیع کیس کے حوالے سے بہودہ الزامات اور نازیبا الفاظ استعمال کیے بلکہ ویڈیوز کلپ کو بھی تبدیل کیا تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
وقت اشاعت : 19/08/2019 - 19:38:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :