کراچی میں سوتے ہوئے کتے کو گولی مارنے کی ویڈیو پر اداکارہ اشنا شاہ آبدیدہ

جمعہ 1 مئی 2020 22:01

کراچی میں سوتے ہوئے کتے کو گولی مارنے کی ویڈیو پر اداکارہ اشنا شاہ آبدیدہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2020ء) معروف اداکارہ اشنا شاہ اس وقت شدید رنج و غم میں مبتلا ہوگئیں جب انہوں نے کراچی میں آوارہ کتے کو گولی مارنے کی ویڈیو دیکھی۔ اشنا شاہ نے انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ غم کے عالم میں کتے کی ویڈیو کے حوالے سے بتارہی ہیں کہ میں نے ایک ویڈیو دیکھی جس میں ایک کتا بلڈنگ کے پاس سو رہا ہے اور کوئی اوپر سے اس پورے واقعے کی ویڈیو بھی بنا رہا ہے تاہم اس دوران سکیورٹی کی گاڑی آتی ہے اور گارڈ گاڑی سے اتر کر کتے کو گولی مار دیتا ہے۔

اشنا شاہ نے یہ بھی کہا کہ گولے لگنے کی وجہ سے کتے کا خون بہنے لگا اور پھر کتا چیخ چیخ کر تکلیف کے عالم میں تڑپ کر مرگیا، لوگ صرف دیکھ رہے تھے اور ویڈیو بنا رہے تھے لیکن کوئی اس بے زبان کی مدد کے لیے باہر نہیں آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر یہ کتا سوسائٹی میں کسی کو تنگ کر رہا تھا یا کاٹ رہا تھا تو اس کی وجہ کتے کے ساتھ پیش آنے والا کوئی واقعہ بھی ہوسکتا ہے کیونکہ جانور کسی عمل پر ردِ عمل ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانور ہمیشہ اپنے بچائو اور جگہ کے لیے حملہ کرتے ہیں، بلا وجہ حملہ نہیں کرتے یہ کام انسان کرتے ہیں نہ کہ جانور۔اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اس کتے کو کسی بھی تنظیم سے رابطے کے بعد اس کے حوالے کیا جاسکتا تھا لیکن افسوس کہ اسے گولی مار دی گئی۔

وقت اشاعت : 01/05/2020 - 22:01:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :