بیوی پر تشدد کا معاملہ، جونی ڈیپ کی 2 سابق دوستیں مدد کو سامنے آگئیں،شریف انسان قرار ددیدیا

جونی ڈیپ کیساتھ 14 سال کا وقت گزارا ،دو 2 بچوں کی پرورش بھی ،کبھی جونی کو غصہ یا تشدد کرتے نہیں پایا ،ونیسا پیراڈائیز جونی کیساتھ کئی سال گزارے مگر کبھی بھی غصے والی حالت میں نہیں دیکھا، جونی نے ہاتھ اٹھایا نہ ہی کبھی تشدد کیا، ونونا رائیڈر

ہفتہ 16 مئی 2020 12:00

بیوی پر تشدد کا معاملہ، جونی ڈیپ کی 2 سابق دوستیں مدد کو سامنے آگئیں،شریف انسان قرار ددیدیا
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2020ء) ہالی ووڈ اداکار 56 سالہ جونی ڈیپ کی جانب سے ایک برطانوی اخبار کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر دائر کئے گئے مقدمے میں اداکار کی دو سابق خواتین دوستوں نے بطور گواہ پیش ہوکر اداکار کے حق میں بیان ریکارڈ کروا دیا۔فنٹیسی فلم ’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘ میں کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار ادا کرنے سے شہرت حاصل کرنیوالے جونی ڈیپ نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا تھا۔

’دی سن‘ نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘ شخص قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اخبار کی جانب سے مضمون شائع کیے جانے کے بعد جونی ڈیپ نے اخبار کے خلاف برطانوی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اخبار کے خلاف 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ بھی دائر کیا تھا اور اس کی متعدد سماعتیں ہوچکی ہیں۔

کیس کی تازہ سماعت مارچ کے آغاز میں ہونی تھی تاہم کورونا لاک ڈاؤن کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی ، تاہم 13 مئی کو کیس کی سماعت ہوئی تو فرانسیسی نژاد گلوکارہ و اداکارہ 47 سالہ ونیسا پیراڈائیز اور امریکی اداکارہ و پروڈیوسر 48 سالہ ونونا رائیڈر نے جونی ڈیپ کے حق میں بیان جمع کروایا۔دونوں اداکاروں وگلوکاراؤں نے جونی ڈیپ کی شخصیت، ان کی عادتوں اور ان کے کردار پر کھل کر بات کرتے ہوئے انہیں شریف انسان قرار دیا۔

فرانسیسی اداکارہ و گلوکارہ ونیسا پیراڈائیز کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے جونی ڈیپ کیساتھ 14 سال کا وقت گزارا اور دونوں نے 2 بچوں کی پرورش بھی کی۔انہوں نے کہا کہ میں نے 14 سال میں کبھی جونی ڈیپ کو اپنے اوپر غصہ کرتے ہوئے یا تشدد کرتے ہوئے نہیں پایا اور نہ ہی اداکار نے کبھی ان سے کسی معاملے پر چلاتے ہوئے بات کی۔

اسی طرح امریکی اداکارہ و پروڈیوسر ونونا رائیڈر نے بھی جونی ڈیپ کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی اداکار کے ساتھ کئی سال گزارے مگر انہوں نے کبھی بھی اداکار کو غصے والی حالت میں نہیں دیکھا۔ونونا رائٰیڈر کے مطابق ان کے اور جونی ڈیپ کے درمیان رومانوی تعلقات رہے اور انہوں نے خوشگوار حالات کے ساتھ اچھا وقت گزارا، کبھی بھی جونی ڈیپ نے ان پر ہاتھ نہیں اٹھایا اور نہ ہی ان پر کبھی کسی قسم کا تشدد کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں لکھا کہ وہ جونی ڈیپ کی اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو سچ تسلیم نہیں کر سکتیں، کیوں کہ جونی ڈیپ نے کبھی بھی ان کے ساتھ ایسا رویہ اختیار نہیں کیا تھا۔دونوں اداکاراؤں کی جانب سے جونی ڈیپ کے حق میں بیان دیے جانے کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت جولائی تک ملتوی کردی گئی ہے ۔امبر ہرڈ کی ٹیم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی مرد کے ساتھ ایک خاتون کے تجربے کو دوسری خاتون کے تجربے کے ساتھ موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
وقت اشاعت : 16/05/2020 - 12:00:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :