qپروجیکٹ معیاری بنانے کیلئے محنت درکارہوتی ہے،آمنہ الیاس

جمعرات 16 جولائی 2020 20:02

۵لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2020ء) اداکارہ وماڈل آمنہ الیاس نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ آج کے دورمیں پروڈیوسر اورڈائریکٹرسمیت پوری ٹیم کوپروجیکٹ کو معیاری بنانے کے لئے محنت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیکن اب توہرکام افراتفری میں کیا جا رہا ہے، ایکٹر، ڈائریکٹر سمیت سبھی بے حد مصروف ہیں اوربہت سے پروجیکٹس کا حصہ ہیں۔

اسی لئے کسی ایک پروجیکٹ پرتوجہ نہیں دی جاتی۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ مصروفیت بھی ٹھیک ہے لیکن معیار پرسمجھوتہ کرنا ہمیشہ ہی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ لوگوں کو یکجا کیا جائے اوربطورمشن ایسا کام سامنے لائیں، جس سے پاکستانی عوام کسی دوسرے ملک کی فلمیں نہیں پاکستانی فلمیں دیکھیں۔بلکہ اپنے ہی ملک کی اچھی اورمعیاری فلمیں دیکھ کرلطف اندوز ہوں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں آمنہ الیاس نے کہا کہ اچھے اورمعیاری پروجیکٹس میری ہمیشہ سے ترجیح رہے ہیں۔ اس وقت ٹی وی کے متعدد پروجیکٹس کررہی ہوں لیکن اس کے ساتھ ساتھ سلور سکرین پربھی کام جاری رکھوں گی۔ آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ ہمارے ڈرامہ کی مقبولیت کی وجہ حقیقت پر مبنی کہانیاں ہیں تاہم اگراسی طرح کمرشل فلموں کے ساتھ حقیقی کہانیوں پرمبنی فلمیں پروڈیوس کی جائیں توشائقین کی بڑی تعداد کوسینما گھروں تک لایا جاسکتا ہے۔

آمنہ الیاس نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی میں نئے لوگوں کا آنا خوش آئندہے مگر اب معیارکونظر اندازکرنا انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس وقت ہمارا مقابلہ پڑوسی ملک کی ایک ایسی فلم انڈسٹری سے ہے، جہاں اردواورہندی زبانوں میں کثیرسرمائے کی فلمیں پروڈیوس کی جارہی ہیں۔ ان کا مقابلہ مشکل ضرور ہے لیکن یہ ناممکن نہیں۔
وقت اشاعت : 16/07/2020 - 20:02:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :