گلوکارطاہر عباس نے پاکستان سپر لیگ کیلئے گانا ’’کھیلو رے‘‘ تیار کر لیا

پاکستان میں ایک خاص سوچ کے تحت انٹر نیشنل برانڈز پاکستان کے کلچر کو ختم کر کے زبردستی انگلش کلچر تھوپ رہے ہیں،طاہرعباس

بدھ 24 فروری 2021 11:20

گلوکارطاہر عباس نے پاکستان سپر لیگ کیلئے گانا ’’کھیلو رے‘‘ تیار کر لیا
کھڈیاں خاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2021ء) گلوکارطاہر عباس نے پاکستان سپر لیگ کے لئے گانا ’’کھیلو رے‘‘ تیار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق اس خصوصی گانے کی ویڈیو گذشتہ روز باری سٹوڈیو کے پنڈ میںعکسبندکی گئی۔اس گانے کے ویڈیو ڈائریکٹرعلی عون تھے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زکریا ہاشمی،ایسوسی ایٹ مبشرحسن موبی تھے۔اس گانے کی ویڈیوریکارڈنگ میں طاہر عباس کے ساتھ گلوکارہ رافیل اعجاز،نمرہ علی ،ثانیہ،قدیرخان اور معروف کامیڈین غفار لہری سمیت سوکے قریب لڑکے لڑکیوں نے پرفارم کیا۔

اس گانے میں خواتین کی انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم نے بھی خصوصی طور پر پرپرفارم کیا جبکہ دیگر ماڈلز نے چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے کلچرسے بھرپور ملبوسات زیب تن کرکے ماڈلنگ کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگلوکارطاہر عباس نے کہا کہ پاکستان میں ایک خاص سوچ کے تحت انٹر نیشنل برانڈز پاکستان کے کلچر کو ختم کر کے زبردستی انگلش کلچر تھوپ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں طاہر عباس نے کہا کہ کروڑوں روپے کا بجٹ لگا کر پاکستان کے لئے جو ترانے بنائے جاتے ہیں ان میں پاکستانیت اور پاکستان کی قومی اور صوبائی زبانوں، کلچر اور لہجوں کو مکمل نظر انداز کر دیا جاتا ہے اور ایک خاص کلاس کے لئے کمرشلز اور ترانے بنائے جا تے ہیں جن میں زبردستی انگریزی زبان کو گھسیڑ دیا جاتا ہے ،برانڈز اپنی دولت کے ذریعے ہمارے کلچر اور ہماری زبان کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو میں نے اپنے وطن کی محبت، کرکٹ سے لگائو اور سامعین کی پرزور فرمائش پر پاکستان کی صوبائی زبانوں میں ہمارے کلچر کی ترجمانی کرتے ہوئے ہمارے علاقائی سازوں سے یہ ترانا بنایا ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ ہمارے کلچر، ساز اور آوازیں بانجھ نہیں ہیں کہ ہمیں دوسروں کا سہارا لینا پڑے اور نہ ہی وطن سے محبت کروڑوں روپوں کے بجٹ کی محتاج ہے۔

طاہر عباس کا مذید کہناتھا کہ اس خصوصی گانے کو کچھ دنوں تک ان کے آفیشل یوٹیوب چینل اور دیگرسوشل سائیٹس پر ریلیز کردیاجائیگا انہیں امیدہے کہ ان کا یہ گانا چاروں صوبوں میں دیکھا اور پسندکیاجائیگاکیونکہ میں نے اس گانے میں سب کی نمائندگی کی ہے اور ان کے دلی جذبات کی ترجمانی کی ہے۔
وقت اشاعت : 24/02/2021 - 11:20:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :