مختصر پاکستانی فلم نے تین عالمی ایوارڈز جیت لئے

ہفتہ 8 مئی 2021 12:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2021ء) انتہائی کم بجٹ پر پاکستانی طلبہ کی جانب سے بنائی گئی مختصر فلم دریا کے اس پار نے امریکا میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول میں تین بڑے ایوارڈز جیت لئے۔لاہور اانجینئرنگ یونیورسٹی کے سابق طلبہ کی جانب سے بنائی گئی مختصر دورانئے کی فلم دریا کے اس پار کا ٹریلر رواں برس جنوری میں جاری کیا گیا تھا اور مذکورہ فلم کو متعدد عالمی فیسٹیول میں بھجوایا گیا تھا۔

دریا کے اس پار کو امریکی ریاست نیویارک کے شہر نیویارک سٹی میں ہر سال ہونے والے عالمی فیسٹیول میں 6 نامزدگیاں ملی تھیں، جس میں سے فلم نے تین ایوارڈز حاصل کیے۔نیویارک سٹی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (این وائے سی آئی ایف ایف) کی ویب سائٹ کے مطابق دریا کے اس پار نے بہترین ڈائریکٹر، بہترین مرکزی اداکارہ اور بہترین خیال کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے دریا کے اس پار کے اوریجنل گانے کو تیاری میں کردار ادا کرنے والے موسیقار و آڈیو انجینئر مبین زاہد نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ کم بجٹ میں سابق طلبہ کی جانب سے بنائی گئی مختصر فلم نے تین ایوارڈز جیت لیے۔دریا کے اس پار کی کہانی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے خاندان اور خصوصی طور پر نوجوان لڑکی کی مشکلات کے گرد گھومتی ہے۔

مبین زاہد نے اپنی پوسٹ میں فلم کے حوالے سے بتایا کہ یونیورسٹی کے سابق طلبہ نے زمانہ طالب علمی میں ہی فلم بنانے کا سوچا تھا مگر اس وقت بجٹ اور وسائل نہ ہونے کی وجہ سے ان کا خواب پورا نہ ہوسکا لیکن پھر 2019 میں سابق طالب علم پروڈیوسر شعیب سلطان نے فلم بنانے کا منصوبہ پیش کیا، جس پر ان کے سابق ساتھیوں نے ان کے ساتھ کام کیا۔انہوں نے مختصر فلم کی جانب سے تین عالمی ایوارڈز جیتنے کو نہ صرف ملک و قوم بلکہ فلم کی ٹیم کی کامیابی قرار دیا۔
وقت اشاعت : 08/05/2021 - 12:20:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :