آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے معروف گلوکار جواد احمد کے ساتھ میوزک ورکشاپ کا انعقاد

احمد شاہ فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لئے جس بیج کی آبیاری کررہے ہیں کل وہ تنا آور درخت بن کر سب کو پھل دے گا، گلوکار جواد احمد

جمعرات 28 اکتوبر 2021 17:08

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے معروف گلوکار جواد احمد کے ساتھ میوزک ورکشاپ کا انعقاد
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اکتوبر2021ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی اور تھیٹر اکیڈمی کے طلباءکے لئے معروف گلوکار جواد احمد کے ساتھ ایک ورکشاپ کا اہتمام آرٹس کونسل آڈیٹوریم میں کیا گیا ،ورکشاپ میں پاکستان کے معروف گلوکار جواد احمد نے دنیائے موسیقی میں اپنے فنی سفر کے اُتار چڑھاو¿ اور مختلف تجربات حاضرین کے گوش گزار کیے، جواد احمد نے موسیقی کی دنیا میں کچھ کردکھانے کا عزم رکھنے والے نوجوانوں کو میوزک پر معلوماتی لیکچر بھی دیا ، اس کے علاوہ جواد احمد نے اس فیلڈ میں کامیابی کیسے حاصل کی جائے اس حوالے سے مختلف گُر بھی بتائے ، جواد احمد نے طلباءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موسیقی کو استعمال کریں انسانی آزادی کے لئے ،خوبصورتی کے لئے رومانس اور جذباتی تعلقات کے لئے ،آرٹ ہمیشہ ارتقائی ہونا چاہیے،اپنے فنی سفر کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میوزک سے میرا گہرا تعلق ہے ،20سال ہوگئے مجھے سولو پرفارم کرتے ہوئے،

جامعہ میں جب نیا نیا گانا شروع کیا تو اس وقت کچھ عناصر کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں تک دی گئیں ،اپنے سیاسی سفر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جواد احمد نے کہا کہ برابری پارٹی پاکستان بنانے کا مقصد غریب عوام کو ان کے حقوق سے آگاہی کے ساتھ طرز زندگی بہتر کرنا تھا، جواد احمد نے مزید کہا کہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل کو ایسا زبردست ادارہ بنادیا ہے جہاں فنونِ لطیفہ میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان اپنے شوق کی تکمیل کرسکتے ہیں، یہاں سے سیکھ کر نوجوان اپنی زندگی میں بہت کچھ کرسکتے ہیں ،اس موقع پر آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی کے طلباءنے جواد احمد کو اپنا گانا بھی سنایا بعد ازاں جواد احمد نے میوزک اکیڈمی کے طلباءاور ڈائریکٹر اسپیشل پروگرامز احسن باری کے ہمراہ اپنے مشہورِ زمانہ گانے گاکر حاضرین کو جھومنے پر مجبور کردیا۔

وقت اشاعت : 28/10/2021 - 17:08:38

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :