”دا لائن کنگ“ مالی اعتبار سے دنیا کاسب سے کامیاب سٹیج شوبن گیا

جمعہ 26 ستمبر 2014 11:25

”دا لائن کنگ“ مالی اعتبار سے دنیا کاسب سے کامیاب سٹیج شوبن گیا

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2014ء) امریکی کمپنی والٹ ڈزنی کا میوزیکل سٹیج شو ’دا لائن کنگ‘ مالی اعتبار سے دنیا کا سب سے کامیاب شو بن گیا ہے۔اس ڈرامے نے باکس آفس پر کسی بھی دوسری فلم یا سٹیج شو سے زیادہ پیسے کمائے۔دا لائن کنگ نے صرف اپنی ٹکٹ کے فروخت سے 6.2 ارب امریکی ڈالر کمائے جن میں اس کی دوسری مصنوعات، کاسٹ کی ریکارڈنگ یا اس فلم کی کمائی شامل نہیں ہے جس پر یہ ڈرامہ مبنی ہے۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس نے ’دا فینٹم آف دا اوپرا‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے حالانکہ اینڈریو لائڈ ویبر کے اس سٹیج شو کو ’دا لائن کنگ‘ کے مقابلے ٹکٹ خرید کر دیکھنے والوں کی تعداد دوگنی ہے۔باکس آفس پر ریلیز ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی فلم ’اوتار‘ رہی ہے جس نے 2.8 ارب روپے کمائے تھے۔

(جاری ہے)

سر ایلٹن جان کی موسیقی اور سر ٹم رائس کے نغموں سے سجے سٹیج شو ’دا لائن کنگ‘ کا آغاز براڈوے پر سنہ 1997 میں ہوا تھا۔

گذشتہ سال یہ نیویارک کے سٹیج پر سب سے زیادہ کمانے والا ڈرامہ رہا اور یہ اب تک سنہ 2014 میں اپنی اول پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔کہا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں اس کی 22 پروڈکشنز کو ساڑھے سات کروڑ لوگوں نے دیکھا ہے۔ڈزنی تھیٹریکل پروڈکشنز کے صدر تھامس شوماکر نے کہا: ’اس شو کی اثرات کے احساس پر جذباتی نہ ہونا بہت مشکل ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ اس بات پر ’فخر‘ محسوس کرتے یں کہ اس کے سٹیج شو نے دنیا بھر میں ناظرین کو ایک ہی طرح کا تجربہ فراہم کیا۔

فینٹم کے پیش کاروں نے دا لائن کنگ کے آگے نکل جانے کی بات کو تسلیم کرتے ہوئے اسے ’براڈوے کے افتخار‘ سے تعبیر کیا ہے۔بہرحال فینٹم جس نے سٹیج پر اپنے سفر کا 1986 میں آغاز کیا تھا وہ براڈوے کی تاریخ میں سب سے طویل مدت تک جاری رہنے والا شو ہے اور اسے تقریبا 14 کروڑ لوگوں نے دیکھا ہے۔لندن کے ویسٹ اینڈ، براڈوے اور ٹورنگ نارتھ امریکہ سمیت فی الحال فینٹم کے دس پروڈکشنز دنیا بھر میں دکھائے جا رہے ہیں۔

وقت اشاعت : 26/09/2014 - 11:25:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :