اداکار کمال احمد رضوی کی سالگرہ( کل ) بدھ کو منائی جائے گی

منگل 30 اپریل 2024 11:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) معروف ڈرامہ نگار، مصنف اور اداکار کمال احمد رضوی کی سالگرہ (کل ) یکم مئی کو منائی جائے گی۔کمال احمد رضوی پاکستان کے مشہور و معروف ڈرامہ نگار، مصنف اور اداکار ہیں جنہوں نے پاکستان میں ڈرامہ نگاری کے فن کو بامِ عروج پر پہنچایا۔کمال احمد رضوی یکم مئی 1930کو ہندوستان میں پیداہوئے۔1951میں پاکستان آ گئے کچھ عرصہ کراچی میں رہے پھرلاہورمنتقل ہو گئے۔

1958میں صرف 19 سال کی عمر میں تھیٹرشروع کیا۔ 1965 میں پاکستان ٹیلی ویژن کے لاہور سٹوڈیو کے قیام کے بعد پہلی بار الف نون شروع کیا جس میں انہوں نے خود الن کا اوررفیع خاورنے ننھے کا کردار ادا کیا۔الف نون پی ٹی وی کا مقبول ترین پروگرام تھا مختلف سالوں میں چارمرتبہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کمال احمد رضوی نے بیس سے زائد ڈرامے تحریر کیے اور خود ہی ان کو ڈائریکٹ بھی کیا اور ان میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔

ان کے مشہور ڈراموں میں چور مچائے شور ،میرا ہمدم میرا دوست،آدھی بات اورصاحب بی بی غلام قابل ذکر ہیں۔کمال احمد رضوی بچوں کے مشہور رسالے تعلیم و تربیت سے وابستہ رہے جبکہ شمع اور آئینہ جیسے جرائد کے بھی ایڈیٹر رہے۔انہوں نے ریڈیو اور سٹیج پر بھی کردار نگاری کے جوہر دکھائے، ان کا ڈرامہ شیطان بہت مقبول ہوا۔کمال احمد رضوی کو تمغہ حسن کارکردگی سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ کمال احمد رضوی 17 دسمبر 2015کو کراچی میں انتقال کر گئے۔
وقت اشاعت : 30/04/2024 - 11:33:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :