مکی مائوس ڈزنی کو چھوڑنے کیلئے تیار،2024میں کردار کو 95سال مکمل ،کاپی رائٹس ایکسپائر ہوجائینگے

پیر 4 جولائی 2022 17:15

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جولائی2022ء) مکی مائوس کا نام ہو یا اس کی تصویر، ذہن میں فوری طور پر ڈزنی کا نام ابھر کر سامنے آتا ہے۔مگر بچوں کا یہ مقبول ترین کارٹون کردار بہت جلد ڈزنی اسٹوڈیو کو 'چھوڑنی' والا ہے۔جی ہاں ڈزنی اسٹوڈیو اس آئیکونک کارٹون کردار کے حوالے سے حاصل خصوصی رائٹس سے جلد محروم ہوجائے گا۔2024میں مکی مائوس کے کردار کو 95سال مکمل ہورہے ہیں اور اس موقع پر اس کے کاپی رائٹس ایکسپائر ہوجائیں گے۔

امریکی کاپی رائٹ قوانین کے تحت 2024سے مکی مائوس پبلک ڈومین کے طور پر دستیاب ہوگا اور عام افراد بھی اسے اپنے تخلیقی کاموں کیلئے استعمال کرسکیں گے۔مکی مائوس کا کردار 1928میں پہلی بار سکرین پر متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے فوری بعد ڈزنی کی شناخت بن گیا تھا۔

(جاری ہے)

1928میں جب مکی مائوس کا پہلا کارٹون نشر ہوا تھا تو اس کے کاپی رائٹس کو 56سال تک تحفظ حاصل تھا، مگر اس مدت کے ختم ہونے سے قبل ڈزنی کی کوششوں سے کاپی رائٹ ایکٹ 1976منظور ہوگیا، جس سے کاپی رائٹس کی مدت 75 سال ہوگئی۔

پھر 1998میں کاپی رائٹس کی مدت کو ڈزنی نے 95سال تک بڑھانے میں کامیابی حاصل کی۔اب واضح نہیں کہ اس بار بھی ڈزنی کی جانب سے مکی ماوس کو پبلک ڈومین میں منتقل ہونے سے روکنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں یا نہیں۔ایک بار جب کاپی رائٹس ایکسپائر ہوجائیں گے تو ہر فرد اس کردار کو استعمال کرسکے گا اور اسے کسی قسم کی اجازت یا معاوضہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ مکی مائوس کے کردار کو استعمال تو کرسکیں گے مگر انہیں بہت زیادہ خیال بھی رکھنا ہوگا کہ وہ ڈزنی کے کردار سے بہت زیادہ ملتا جلتا نہ ہو۔ڈزنی اسٹوڈیو نے مکی مائوس کو 130سے زیادہ فلموں میں استعمال کیا ہے۔
وقت اشاعت : 04/07/2022 - 17:15:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :