اپنے مداح کو چیلنجزبتائے بغیرمحنت کا پھل مت دکھائیں، صحیفہ جبار

برائے مہربانی اپنے غیر ملکی دوروں کی تصاویر پوسٹ کرنا بند کریں،اداکارہ

منگل 23 جنوری 2024 16:58

اپنے مداح کو چیلنجزبتائے بغیرمحنت کا پھل مت دکھائیں، صحیفہ جبار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2024ء) پاکستانی اداکارہ صحیفہ جبار نے اداکاروں اور سوشل میڈیا انفلوئنسر کیلئے ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں درج تھا کہ’ ہم اپنے مداحوں کو ایک مکمل زندگی، ناقابل حصول معیار اور مقاصد کی غلط تصویریں کیوں پیش کررہے ہیں تمام شوبز شخصیات اور انفلوئنسرز جوڑوں سے درخواست ہے کہ کیمرے کے سامنے آکر اور کم از کم ہمارے ناظرین کو یہ بتائیں کہ ہمارے والدین نے ہمیں کیا نہیں سکھایا صحیفہ جبار نے شوبز شخصیات کی محنت اور کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ ’جب آپ اپنی شادی، برائیڈل شاور، بے بی شاورز، ہنی مون اور چھٹیاں سب مداحوں کے سامنے لاتے ہیں تو براہ کرم اپنے مداحوں کو یہ بھی بتائیں جو کچھ آپ نے انفرادی اور ایک جوڑے کے طور پر حاصل کیا اس کا حصول آپ کیلئے کتنا مشکل تھا اداکارہ نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے سلیبرٹیز اور انفلوئنسر جوڑوں کا اپنی ازدواجی زندگی کے ناخوشگوار لمحات پر بات کیے بغیر اپنے شریک حیات کے ساتھ گزارے صرف خوشگوار لمحات کو دکھانا پسند نہیں، ہر جوڑا کئی بار علیحدگی یا علیحدگی سے متعلق گفتگو جیسے اتار چڑھاؤ سے گزرتا ہے لیکن یہی جوڑے پھر بھی اپنے رشتے کو موقع دیتے ہوئے ساتھ رہنے کا فیصلہ کرتے ہیں اور ازدواجی زندگی میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے شوبز میں بڑھتی طلاقوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آج کل جہاں طلاقوں کا رواج عام ہورہا ہے وہیں ہمیں اس کی بنیادی وجوہات پر بھی بات کرنا چاہیے۔اداکارہ نے لکھا کہ وہ ناخوشگوار اور تشدد پر مبنی تعلقات کے مخالف ہیں اور اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ انسان کو کسی بھی رشتے کیلئے اپنے خوابوں، عزائم، عزت نفس اور ذہنی حالت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے لیکن ہمیں یہ احساس ہونا چاہیے کہ کئی لوگوں کے لیے رشتہ ختم کرنا بہت آسان ہوگیا ہے، کسی بھی شخص کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر رشتہ ختم نہیں کرنا چاہیے۔

اداکارہ نے اعترافاً لکھا کہ وہ پچھلے چند سالوں میں اتنی سمجھدار نہیں تھیں لیکن وقت کے ساتھ انہوں نے چیزوں کو سمجھناشروع کیا۔صحیفہ جبار نے مزید لکھا کہ برائے مہربانی اپنے غیر ملکی دوروں کی تصاویر پوسٹ کرنا بند کریں، فالوورز کو بتائیں کہ آپ نے کتنی محنت کے ساتھ سب کچھ حاصل کیا ہے۔اداکارہ نے شوبز شخصیات پر زور دیتے ہوئے لکھا انہیں بتائیں کہ محنت، یقین اور امید کا برقرار رہنا رکتنا ضروری ہے، انہیں چیلنجز بتائے بغیر محنت کا پھل مت دکھائیں۔
وقت اشاعت : 23/01/2024 - 16:58:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :