فیصل خان کا یوٹرن، الزامات کے بعد بھائی عامر خان سے معافی مانگ لی

جمعرات 2 جولائی 2026 22:54

فیصل خان کا یوٹرن، الزامات کے بعد بھائی عامر خان سے معافی مانگ لی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جولائی2026ء) بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے بھائی اور اداکار فیصل خان نے اپنے خاندان کے خلاف ماضی میں لگائے گئے الزامات پر معذرت کرتے ہوئے آئندہ تعلقات خوشگوار رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل خان نے کہا کہ انہیں احساس ہو چکا ہے کہ خاندانی معاملات کو عوامی سطح پر لانا درست فیصلہ نہیں تھا۔

انہوں نے اپنی والدہ، بہن اور ان کے شوہر سنتوش ہیگڑے سے معافی مانگتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ جذبات میں آ کر بعض ایسی باتیں کہہ گئے جو نہیں کہنی چاہیے تھیں۔فیصل خان نے عامر خان سے متعلق بھی اپنے سابقہ بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں دونوں بھائیوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی ذہنی صحت سے متعلق ماضی کے تنازع پر بھی بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ عدالت کی ہدایت پر سرکاری اسپتال میں ہونے والے طبی معائنے میں انہیں ذہنی طور پر صحت مند قرار دیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ابتدائی تشخیص درست نہ ہو اور بعض ڈاکٹروں کی رائے نے خاندان کو غلط فہمی میں مبتلا کیا ہو۔فیصل خان نے کہا کہ خاندان کے بعض افراد ان کی بات پر یقین رکھتے ہیں جبکہ کچھ اب بھی پرانی طبی رائے کو درست سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر انہیں مسلسل ذہنی مریض سمجھا جائے گا تو ان پر اعتماد بحال ہونا مشکل ہوگا۔واضح رہے کہ فیصل خان گزشتہ کئی برسوں سے عامر خان اور دیگر اہلِ خانہ پر الزام عائد کرتے رہے ہیں کہ انہیں غلط طور پر ذہنی مریض قرار دیا گیا، ایک عرصے تک گھر میں محدود رکھا گیا اور زبردستی ادویات دی گئیں۔

تاہم خان خاندان نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فیصل سے متعلق تمام فیصلے متعدد طبی ماہرین کے مشورے اور ان کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے اجتماعی طور پر کیے گئے تھے۔
وقت اشاعت : 02/07/2026 - 22:54:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :