سرگودھا اور گردونواح میں ہلکی بارش،موسم خوشگوار ہوگیا

منگل 13 جنوری 2015 14:32

سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جنوری 2015ء) گزشتہ ایک ماہ سے جاری شدید دھند اور سردی کے بعد منگل کے روز سرگودھا اور گردونواح میں کہیں تیز ‘ کہیں ہلکی بارش سے موسم قدرے صاف ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے حالیہ بارش سے دھند کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی اور سردی میں بھی کمی ہوگی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بارش سے خشک سردی کا خاتمہ ہونے کیساتھ ساتھ نزلہ کھانسی‘ بخار جیسی بیماریوں میں بھی کمی ہوگی‘ منگل کے روز بارش کے باعث دفاتر‘ سکولوں‘ کالجز میں حاضری کم رہی جبکہ بازاروں میں بھی رش نہ ہونے کے برابر رہا سردی کے باعث مچھلی‘ پکوڑے‘ سموسے‘ چائے اور سوپ کی دکانوں پر رش دیکھنے میں آیا لوگوں کی بڑی تعداد بارش میں چٹ پٹے کھانوں لطف اندوز ہوتی رہی جبکہ گیس نہ ہونے کی وجہ سے اکثر لوگ گھروں میں چٹ پٹے کھانے پکانے سے محروم رہے بارش کے باعث انڈے کی فی درجن قیمت 10 روپے بڑھا دی گئی 112 روپے میں فروخت ہونیوالے انڈے 122 روپے سے 125 روپے فی درجن میں فروخت ہوتے رہے جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی 20 روپے کلو کا اضافہ کردیا گیا گزشتہ روز مرغی کا گوشت 200 سے 210 روپے میں فروخت ہورہا تھا جو بارش کے باعث 220 سے 230 روپے کلو تک جا پہنچا اسی طرح منڈی میں کھیتوں سے سبزیوں کی کم آمد کے باعث سبزی کے ریٹ بھی گزشتہ روز کی نسبت زیادہ رہے اور سبزیوں کی قیمتوں میں 5 سے 10 روپے فی کلو کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

Browse Latest Weather News in Urdu