مایہ ناز کلاسیکل گلوکار شفقت امانت علی نے زندگی کی 54بہاریں دیکھ لیں ، کل سالگرہ منائیں گے

شفقت امانت علی پٹیالہ گھرانے کی نویں نسل سے رکھتے ہیں ، صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا

پیر 25 فروری 2019 13:33

مایہ ناز کلاسیکل گلوکار شفقت امانت علی نے زندگی کی 54بہاریں دیکھ لیں ، کل سالگرہ منائیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2019ء) پاکستان کے مایہ ناز کلاسیکل گلوکار شفقت امانت علی خان کل (منگل ) کو اپنی54ویں سالگرہ منائیں گے ۔پٹیالہ گھرانے کی نویں نسل سے تعلق رکھنے والے شفقت امانت علی خان 26فروری 1965ء کو استاد امانت علی خان کے گھر پیدا ہوئے ،انکے بڑے بھائی اسدامانت علی خان بھی موسیقی کا بڑا نام تھے۔پاکستانی راک بینڈ فیوڑن کے لیڈ سنگر کی حیثیت سے گلوکاری میں اپنے کیرئیر کا باقاعدہ آغاز کرنے والے شفقت امانت علی خان کھماج،انکھیاں،متوا،یہ حوصلہ،مورا سیاں اور تیرے بناسمیت لاتعداد ہٹ گانے ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

2006 ء میں فیوڑن بینڈ سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد شفقت امانت علی خان نے اپنے سولو کیرئیر کا آغاز کیا اور کھیڑیاں دے نال،نینا اور تو ہی تو ہے سمیت بیشمار بالی ووڈ فلموں کیلئے گانے ریکارڈ کرائے۔

(جاری ہے)

کبھی الوداع نہ کہنا کیلئے متوا،ڈور کیلئے یہ حوصلہ، شاہ رخ خان کی فلم مائی نیم از خان کیلئے تیرے نینا،آئی ہیٹ لو اسٹوریز کیلئے بن تیرے، را ون کیلئے دلدارا،جوڑی بریکرز کیلئے درمیاں،جنت تو کیلئے تو ہی میرا،مرڈرر تھری کیلئے تیری جھکی نظر، ستیا گڑھا کیلئے رس کے بھرے تورے نینا،ہسی تو پھسی کیلئے من چلا تیری اورتیور کیلئے میں نہیں جانا پردیس شفقت کے بالی ووڈ ہٹ سونگزمیں سے چند ایک ہیں۔

جی سی یونیورسٹی لاہور سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کرنے والے شفقت امانت علی خان اب تک کئی ایوارڈز اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ 14 اگست 2007ء کو انہیں صدراتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
وقت اشاعت : 25/02/2019 - 13:33:17

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :