اداکارہ زارا نور عباس نے نئی فلم سائن کر لی

منگل 18 فروری 2020 23:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2020ء) پاکستان کی نامور اداکارہ زارا عباس اپنے کیریئر میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔گزشتہ سال وہ ’’پرے ہٹ لو‘‘ نامی فلم میں کام کرتی نظر آئیں تھی اور اب انہوں نے ایک اور نئی فلم سائن کر لی۔ زارا نور عباس بہت جلد ہدایت کار فہیم برنی کی فلم میں کام کرتی نظر آئیں گی۔خیال رہے کہ ماضی میں ان دونوں نے ’’دھڑکن‘‘ نامی ڈرامے میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

زارا نور عباس نے اسی ڈرامے کے ساتھ اپنی اداکاری کے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ٹی وی کے لیے میرا پہلا اوڈیشن فہیم برنی کو بھیجا گیا تھا، اس وقت میں نیویارک میں رہائش پذیر تھی، انہوں نے مجھ سے فوری کہا کہ میں اس ڈرامے میں کام کرنے کے لیے پاکستان آجاؤں۔

(جاری ہے)

فہیم برنی کے مطابق زارا نور عباس اس کردار کے لیے سب سے بہترین انتخاب ہیں۔

ہدایت کار کا کہنا تھا کہ ہماری فلم کی کہانی محبت، خاندان، دوستی اور ہنسی مذاق کے گرد گھومتی ہے، اس لیے ہم نے فیصلہ کیا کہ فلم کے لیے بہترین اور چوشیلے فنکاروں کا انتخاب کیا جائے۔فہیم برنی کا مزید کہنا تھا کہ زارا میں وہ ہر بات موجود ہے جو اس کردار کے لیے ضروری تھی، ہمارا ارادہ ہے کہ ناظرین کو ایک ایسی فلم دیں جس سے وہ بہت زیادہ محظوظ ہوسکیں۔

زارا نور عباس بھی اس فلم کا حصہ بننا اپنی خوش نصیبی سمجھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ سء فہیم برنی کے ساتھ کام کرنا پسند آیا، میں جانتی تھی کہ جب بھی وہ فلم بنائیں گے، یقیناً بہترین ہوگی۔فلم کی دیگر کاسٹ کے حوالے سے اب تک کوئی اور تفصیل سامنے نہیں آئی، البتہ یہ بات ضرور واضح ہے کہ اس فلم کی کہانی کھیل کے موضوع پر مبنی ہوگی۔خیال رہے کہ زارا نور عباس ’’پرے ہٹ لو‘‘ کے ساتھ ساتھ ’’چھلاوا‘‘ نامی فلم میں بھی کام کرچکی ہیں۔ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے’’عہد وفا‘‘ میں بھی ان کی اداکاری کو خوب سراہا جارہا ہے۔وہ اس ڈرامے میں’’رانی‘‘ نامی گاؤں کی لڑکی کا کردار نبھارہی ہیں۔
وقت اشاعت : 18/02/2020 - 23:36:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :