کورونا وائرس کے خلاف لڑائی کیلئے 'دی ڈونکی کنگ' کے منگوکی "ڈرنا نہیں لڑنا ہے "کے ترانے کے ساتھ مہم کاآغاز ہوگیا

منگل 7 اپریل 2020 12:42

ْکھڈیاں خاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2020ء) پاکستان اور بیرون ملک سینمائوں میں دھوم مچادینے والی انیمیٹڈ کامیڈی فلم دی ڈونکی کنگ کے مقبول ترین کردار منگوکی جانب سے اپنے چاہنے والو ں کیلئے اس مشکل وقت میں ہمت وحوصلہ کا ایک اہم پیغام، ایک خوبصورت نغمے کی صورت میں پیش کیا گیاہے۔مووی بنانے والوں کی جانب سے عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ پیش کئے گئے اس ترانے میں ہر ایک کو اس بیماری سے مقابلے کیلئے سماجی فاصلہ رکھنے کا پیغام دیا گیاہے۔

اس جوشیلے نغمے کی دھن شجاع حیدر نے بنائی ہے جب کہ یہ ترانہ مشہور فنکار اسرار کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے اور سپر ہٹ انیمیٹڈ فلم کے رائٹر اور ڈائریکٹر عزیز جندانی نے اس کے بول لکھے ہیں۔کورونا وائرس کے پھیلائو نے دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کیاہے اور اس کے نتیجے میں بیشتر شہروں میں لاک ڈائون کردیا گیا ہے جس کی بناء پر فیملیز اپنے گھروں میں آئسو لیٹ ہوکر رہ گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

ایسے میں ہر شخص ایک دوسر ے کو سماجی فاصلہ قائم رکھنے کی تلقین کررہا ہے۔اس ویڈیو میں بھی منگو سب کو ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ رکھنے مگر دلوں کو جوڑے رکھنے کا پیغام دے رہا ہے۔اس ویڈیو میں مووی کے دوسرے کردار بھی ناظرین کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ جانے کی ہدایت دیتے نظر آتے ہیں۔ویڈیو کا اختتام اس پیغام پر ہوتا ہے کہ" گھر میں رہیں ، محفوظ رہیں"۔

جیوفلمز اور طلسمان اسٹوڈیوکی پیشکش انیمیٹڈ کامیڈی فلم دی ڈونکی کنگ پاکستان میں اکتوبر 2018 میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں معروف فنکاروں جان ریمبو، اسماعیل تارا، حنا دلپذیر، غلام محی الدین اور جاوید شیخ کی آوازیں شامل ہیں۔ یہ فلم دنیا بھر کے سینمائوں میں ریلیز کی گئی اور اس کو مختلف زبانوں میں بھی ڈب کیا گیا جن میں ترکی، یوکیرین، رشین، کورین، اسپینش، باسک اور کیٹیلان شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 07/04/2020 - 12:42:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :