کرن جوہر سے شادی کرنا چاہتی تھی،مگر کرن نے بعض تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے شادی سے انکار کردیا، فرح خان

ہفتہ 9 جنوری 2021 13:31

کرن جوہر سے شادی کرنا چاہتی تھی،مگر کرن نے بعض تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے شادی سے انکار کردیا، فرح خان
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2021ء) بالی ووڈ فلم ساز کرن جوہر اور فرح خان کی دوستی کو تقریبا تین دہائیاں ہونے والی ہیں۔فلم ساز فرح خان نے گزشتہ روز 9جنوری کو اپنی 56 ویں سالگرہ منائی ،ان کی سالگرہ کے موقع پر بھارتی میڈیا نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ وہ ماضی میں وہ اپنے قریبی دوست کرن جوہر سے شادی کرنا چاہتی تھیں،مگر کرن جوہر نے بعض تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے فرح خان سے شادی سے انکار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ2018 میں کرن جوہر اور فرح خان نے 'یاروں کی بارات' نامی شو میں مذکورہ انکشاف کیا تھا۔اگست 2018 میں نشر ہونیوالے 'یاروں کی بارات' کے شو میں کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ فرح خان نے ان سے رومانوی تعلقات استوار کرنے اور شادی کیلئے بہت کوششیں کیں۔

(جاری ہے)

فلم ساز نے بتایا کہ جب وہ 1998 میں رومانوی فلم 'کچھ کچھ ہوتا ہے' کی شوٹنگ کیلئے سوئٹزرلینڈ میں موجود تھے، تب فرح خان رات دیر گئے ان کے ہوٹل کے کمرے میں آئیں اور ان سے بولا کہ ان کے کمرے میں بھوت آگئے ہیں، اس لئے وہ ان کے پاس آگئیں۔

پروگرام میں فرح خان نے کرن جوہر کی جانب سے کئے گئے دعوئوں کو درست قرار دیا اور ساتھ ہی انکشاف کیا کہ وہ اس وقت کرن جوہر سے شادی کرنے کی خواہاں تھیں۔فرح خان کی جانب سے شادی کی بات کئے جانے پر کرن جوہر نے بتایا کہ دراصل انہوں نے کچھ تکنیکی خرابیوں کے باعث فرح سے شادی نہیں کی۔ اسی پروگرام میں فرح خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اگر ان کے اور کرن جوہر کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے اور ان کی دوستی ختم ہوئی تو وہ فلم ساز کے حوالے سے افواہیں پھیلائیں گی۔

جس پر کرن جوہر نے ہنستے ہوئے بولا کہ فرح خان کی ایسی افواہوں پر کوئی یقین نہیں کرے گا، کیونکہ جب رومانوی تعلقات کی افواہیں پھیلائی جاتی ہیں تو ایسی افواہوں میں دونوں افراد کے درمیان کچھ نہ کچھ ہوتا ہے اور لوگ فرح کی باتوں پر اس لئے یقین نہیں کریں گے کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔خیال رہے کہ 48 سالہ کرن جوہر غیر شادی شدہ ہیں، تاہم انہوں 2 بچے گود لے رکھے ہیں۔ اسی طرح 56 سالہ فرح خان نے 2004 میں خود سے کم عمر فلم ساز سریش کندر سے شادی کی تھی اور انہیں تین بچے بھی ہیں۔فرح خان اور کرن جوہر کا شمار بالی ووڈ کی طاقتور ترین شخصیات میں ہوتا ہے اور دونوں نے درجنوں فلمیں پروڈیوس و ڈائریکٹ کی ہیں۔
وقت اشاعت : 09/01/2021 - 13:31:00

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :