ادے چوپڑہ کی فلم ”گریس آف موناکو“ میں نکول کڈ مین نے مرکزی کردار ادا کیا ہے

منگل 1 جولائی 2014 15:41

ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1جولائی 2014) ہندی فلموں کے ڈائریکٹر آنجہانی یش چوپڑہ کے چھوٹے بیٹے اْدے چوپڑہ بالی ووڈ کے بعداب ہالی ووڈ میں بھی اپنے نام کا ڈنکا بجانے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔اْدے چوپڑہ نے اپنے والد کے پروڈکشن ہاوٴس کے تحت لاس اینجلس میں بھی ایک پروڈکشن ہاوٴس کا آغاز کیا ہے، جہاں وہ اس سال منعقد ہونے والے کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر نکول کڈ مین کے ہمراہ جلوہ گر ہوں گے۔

ان کی تین سال قبل قائم ہونے والی کمپنی یش راج فلمز(وائی آر ایف) انٹرٹینمنٹ نے اس سال 'گریس آف موناکو' پروڈیوس کی ہے، جس میں نکول کڈ مین مرکزی کردار ادا کیا ہے۔اْن کی آنے والی کامیڈی فلم” دی لانگیسٹ ویک“ ہے۔ اس کے علاوہ فلم” سیڈیوسنگ اِن گِرڈ برگ مین“کا اسکرپٹ بھی آخری مراحل میں ہے۔

(جاری ہے)

بولی وڈ اداکار کی جانب سے ہالی وڈ فلم انڈسٹری میں قدم جمانے کی یہ کوشش بہت کم ہندوستانیوں کے حصے میں آئی ہے، جہاں وہ نہ صرف اپنے والد بلکہ اپنے ایوارڈ یافتہ بھائی آدتیہ چوپڑہ کی کامیابیوں کو دہرانا چاہتے ہیں۔

اکتالیس سالہ اْدے چوپڑہ نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ سے کچھ چیلنجنگ کرنا چاہتا تھا اور وہ بھی فلم میکنگ کے حوالے سے، کیوں کہ مجھے یہی کام آتا ہے۔2012 میں انتقال کر جانے والے ادے چوپڑہ کے والد یش چوپڑہ کئی دہائیوں پر محیط کریئر کے دوران اپنی رومانٹک اور جذبات سے بھرپور فلموں کی وجہ سے مشہور تھے۔اْدے چوپڑہ بھی اب تک متعدد فلموں میں کردار ادا کر چکے ہیں، خصوصاً فلم 'دھوم' میں اْن کا علی کا کردار بہت پسند کیا گیا۔

اْدے کا کہنا ہے کہ جب میں پہلی مرتبہ لاس اینجلس گیا تو میرا ارادہ رومانٹک کامیڈی فلم بنانے کا تھا کیوں کہ ہم اس طرح کی کامیاب فلمیں ہندوستان میں بنا چکے ہیں۔لیکن پھر انھیں اندازہ ہوا کہ کامیڈی مووی کے لیے ایک بڑے بجٹ کی ضرورت پڑے گی، لہٰذا انھوں نے ایک خاتون کی زندگی پر مشتمل ایک تھرل فلم بنانے کی ٹھانی۔اْدے کے مطابق یہ مکمل طور پر ایک امریکی فلم ہے، لیکن اس میں ہندوستان کا پس منظر بھی شامل ہے۔

وہ اس فلم میں انڈیا کو پیش کرنا چاہتے ہیں اور ملک کے بارے میں قائم روایتی خیالات کو بھی کسی حد تک زائل کرنا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ لوگوں کا خیال ہے کہ فلم 'سلم ڈاگ ملینیئر' بولی وڈ میں بنائی گئی اور اس سے ان کے ذہنوں میں انڈیا کا ایک خراب روپ آتا ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ آسکر ایوارڈ یافتہ یہ فلم برطانیہ کے ڈینی بوئل نے بنائی تھی۔یاد رہے کہ امریکی فلم انڈسٹری میں بولی وڈ کی نمائندگی اس وقت صرف اشوک امرت راج کی ہائیڈ پارک انٹرٹینمنٹ اور انیل امبانی کی ریلائنس انٹرٹینمنٹ کر رہی ہیں۔اور اب اْدے چوپڑہ نے بھی ہالی وڈ میں قدم جمانے کے لیے پروڈکشن ہاوٴس کا آغاز کیا ہے۔

وقت اشاعت : 01/07/2014 - 15:41:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :