ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پہلا پنجاب مقابلہ موسیقی ، یشوجاوید پہلی ،جنید فخر دوسری جبکہ گلوکار محمد ندیم نےتیسری پوزیشن حاصل کی

پیر 29 اپریل 2024 20:50

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پہلا پنجاب مقابلہ موسیقی ضلع اوکاڑہ میں منعقد ہوا جس میں نوجوانوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ ضلعی سطح پر پہلی پوزیشن یشوجاوید،دوسری جنید فخر اور تیسری پوزیشن گلوکار محمد ندیم نے حاصل کی، جنہیں بالترتیب بیس ہزار، پندرہ ہزار اور دس ہزار روپے کی انعامی رقم بذریعہ چیک دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر فنانس پنجاب کونسل آف دی آرٹس لاہور مقبول احمد رانا تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس ساہیوال ڈویژن سلیم قیصر نے کہا کہ مقابلہ موسیقی کا انعقاد پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے ساہیوال کی خوبصورت آوازوں کیلئے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی تہذیب اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے ساہیوال آرٹس کونسل کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد وسیم اکرم اور الیاس اکبر سگھلہ بھی موجود تھے جبکہ ججز کے فرائض عصمت نواز، شازیہ ماروی اور زاہد مبارک نے سر انجام دیے۔
وقت اشاعت : 29/04/2024 - 20:50:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :