بالی ووڈ کے ممتاز اداکار دلیپ کمار کے پشاور میں موجود گھر کو قومی ورثہ قرار دے دیا گیا

منگل 15 جولائی 2014 13:44

بالی ووڈ کے ممتاز اداکار دلیپ کمار کے پشاور میں موجود گھر کو قومی ورثہ قرار دے دیا گیا

ممبئی /نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 15جولائی 2014ء) بالی ووڈ کے ممتاز اداکار دلیپ کمار کے پشاور میں موجود گھر کو قومی ورثہ قرار دے دیا گیا ہے۔ٹائمز آف انڈیا میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان منظور علی میمن نے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پشاور کے قصّہ خوانی بازار میں موجود دلیپ کمار کے گھر کو قومی ورثے کا درجہ دے دیا ہے۔

منظور میمن نے بتایا کہ حکومت اس گھر کو ایک میوزیم میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جو اس عظیم فنکار کے پشاور سے ممبئی تک کے سفر کی یادگار ثابت ہوگا۔منظور علی میمن کے مطابق دلیپ کمار کے نام سے ایک گیلری بھی منسوب کی جائے گی۔پاکستانی حکومت گھر کو میوزیم کا درجہ دینے کی افتتاحی تقریب میں دلیپ کمار کو بھی مدعو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت میں موجود پاکستانی ہائی کمشنرعبد الباسط اس سلسلے میں جون کے پہلے ہفتے میں دلیپ کمار سے ملاقات کر چکے ہیں۔عبد الباسط کے مطابق وزیراعظم کا یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان آرٹ اور کلچر کو پروموٹ کرنے اور دلیپ کمار جیسے لیجنڈ اداکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے جن کی برصغیر کے سینما کے لیے خدمات بے مثال ہیں۔دلیپ کمار 11 دسمبر 1922 کو پشاور کے قصہ خوانی بازار میں ایک پختون خاندان میں پیدا ہوئے ان کے بارہ بہن بھائی تھے۔لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے فلموں میں اپنے لازوال کرداروں کی بدولت محبت، امن اور انسانیت کا درس دیا اور لاکھوں لوگوں کو محظوظ کیا۔

وقت اشاعت : 15/07/2014 - 13:44:30

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :