نامور اداکار قوی خان کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا

منگل 5 مارچ 2024 13:16

نامور اداکار قوی خان کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2024ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار قوی خان کو مداحوں سے بچھڑے ایک برس بیت گیا۔پی ٹی وی کے چند اولین فنکاروں میں شمار ہونے والے قوی خان کو فنی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، ستارہ امتاز، نشان امتیاز سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔پاکستان شوبز انڈسٹری پر سالہا سال راج کرنے والے محمد قوی خان 15 نومبر 1942 کو پشاور میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ریڈیو پاکستان سے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام شروع کیا۔

1964 میں پی ٹی وی سے باقاعدہ اداکاری کا آغاز کیا اور متعدد ڈراموں میں لازوال کردار ادا کیے جبکہ ’اندھیرا اجالا‘ ڈرامے میں پولیس افسر کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

قوی خان نے 1965 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اپنے طویل کیریئر کے دوران محبت زندگی ہے، سوسائٹی گرل، چن سورج، سرفروش، کالے چور، زمین آسمان سمیت دو سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔اداکار قوی خان پاکستان ٹیلی ویڑن کے پہلے اداکار تھے جنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا، بعد میں انہیں ناقابل فراموش اداکاری کے اعتراف میں ستارہ امتیاز اور نشان امتیاز سے بھی نوازا گیا-پاکستان شوبز انڈسٹری کا یہ روشن ستارہ پانچ مارچ 2023 کو ہمیشہ کے لیے غروب ہوگیا۔

وقت اشاعت : 05/03/2024 - 13:16:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :